ملک اسحق کی احمد لدھیانوی سے صلح، سپاہ صحابہ کا نائب صدر بنا دیا گیا
ملک اسحق نے احمد لدھیانوی کو کالعدم سپاہ صحابہ کا قائد تسلیم کر لیا۔ دونوں رہنماؤں میں صلح ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق لاہور میں کالعدم سپاہ صحابہ کے سینئر رہنماؤں نے دونوں رہنماؤں (احمد لدھیانوی اور ملک اسحق) میں صلح کروا دی ہے اور اب کالعدم سپاہ صحابہ کے سربراہ احمد لدھیانوی ہوں گے جبکہ کالعدم لشکر جھنگوی کے سربراہ ملک اسحق کو کالعدم سپاہ صحابہ کا نائب صدر بنا دیا گیا ہے۔
دونوں رہنماؤں میں صلح لاہور میں کروائی گئی اور ملک اسحق نے احمد لدھیانوی کی قیادت میں کام کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک اسحق اور احمد لدھیانوی میں قیادت کے حصول پر جھگڑا تھا، ملک اسحق کا موقف تھا کہ کالعدم سپاہ صحابہ کی قیادت کے حقیقی حقدار وہ ہیں جبکہ احمد لدھیانوی کی اتنی زیادہ خدمات نہیں جتنی ان کی ہیں لیکن مجلس شوریٰ نے ملک اسحق کی جیل میں ہونے کی وجہ سے مولانا احمد لدھیانوی کو قائد بنا دیا تھا۔
سپاہ صحابہ گروپ بندی کا شکار تھی جس کے دو دھڑوں کو اب ملا دیا گیا ہے اور ملک اسحق لشکر جھنگوی کو چھوڑ کر کالعدم سپاہ صحابہ میں باقاعدہ شامل ہو گئے ہیں۔ ملک اسحق کا کہنا ہے کہ وہ ناموس صحابہ کی حفاظت کے لئے اپنے مشن پر کاربند رہیں گے اور صحابہ کے دشمنوں کے خلاف میرا ’’جہاد‘‘ جاری رہے گا۔ دوسری جانب احمد لدھیانوی نے بھی ملک اسحق سے اپنی صلح کی تصدیق کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سپاہ صحابہ ایک پرامن جماعت ہے اور ملک اسحق اب ہمارے ساتھ مل کر پرامن جدوجہد میں ہمارا ساتھ دیں۔
دوسری جانب غیرجانبدار مبصرین کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کا ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا اچھا شگون نہیں کیوں کہ ملک اسحق کافی عرصہ جیل میں رہنے کی وجہ سے افرادی قوت کھو چکے تھے اور اب انہوں نے سپاہ صحابہ سے اس لئے صلح کی ہے کہ وہ کچھ کارکنوں کو اپنے ساتھ شامل کر سکیں۔ کالعدم سپاہ صحابہ سے افرادی قوت ملنے کے بعد ملک اسحق نئے عزم کے ساتھ لشکر جھنگوی کی تنظیم سازی کریں گے اور اپنا الگ مضبوط دھڑا بن جانے پر سپاہ صحابہ سے الگ ہو جائیں گے۔
مبصرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس طرح کچھ عرصہ ملک اسحق سپاہ صحابہ میں رہیں گے جس سے سپاہ صحابہ کو ایک پرامن جماعت ثابت کرنے کی کوشش کی جائے گی بعدازاں دہشت گردی کا سلسلہ دوبارہ شروع کر کے سپاہ صحابہ دہشت گردی کا سارا ملبہ ملک اسحق پر ڈال دے گی اورخود بری الذمہ ہو جائے گی۔ اس طرح ملک اسحق کو ایک بار پھر قربانی کا بکرا بنا کر سپاہ صحابہ کی قیادت اپنے مقاصد کے حصول کے لئے اسے جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھجوا دے گی یا کسی واردات میں مروا دے گی۔