شہیدِ ناموسِ رسالت سید علی رضا تقوی کا خون رنگ لے آیا 21ستمبر کو حکومت نے یومِ عشقِ رسول (ص)قرار دے کے عام تعطیل کا اعلان کر دیا
آج حکومتِ پاکستان نے بھی 21ستمبر بروزجمعہ کو ملک گیر یومِ عشقِ رسول(ص) کے سلسلے میں عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے واضح رہے کہ گزشتہ دنوں جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں مجلس و حدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے پوری پاکستانی قوم سے اپیل کی تھی کہ توہینِ رسالت کے خلاف 21ستمبر بروزجمعہ کو ملک گیر یومِ احتجاج منایا جائے اور حکومت اس دن عام تعطیل کا اعلان کرے تاکہ تمام شیعہ ، سنی اورعیسائی ملکر اس اہانت پر صدائے احتجاج بلند کر سکیں اس طرح حکومتی غلطی کا ازالہ بھی ہوجائے۔ اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کے چیئر مین صاحبزادہ فضلِ کریم نے بھی قوم سے یہی اپیل کی ۔ پروگرام کے میزبان حامد میر نے پرو گرام کے تیسرے مہمان وفاقی وزیر نذر محمد گوندل سے کہا کہ وہ ان علماء کی گزارش ایوان تک پہنچائیں اور آج حکومتِ پاکستان نے بھی 21ستمبر بروزجمعہ کو ملک گیر یومِ عشقِ رسول(ص) منانے کا اعلان کرتے ہوئے عام تعطیل کا اعلان کردیا اور اس طرح شہیدِ ناموسِ رسالت سید علی رضا تقوی کا خون رنگ لے آیا ۔
کراچی میں 16ستمبر بروز اتوار کو مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آگنائزیشن کی جانب سے توہینِ رسالت کی امریکی اہانت پر لبیک یا رسول اللہ (ص)ریلی کا انعقاد کیا گیا اس ریلی کا آغاز نمائش چورنگی سے ہوا جو ایم اے جناح روڈ اور نیٹی جیٹی پل سے ہوتے ہوئے ایم ٹی خان روڈ پہنچی ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں عاشقانِ رسول (ص)مرد و زن بوڑھے بچے نبی کریم (ص) سے اپنی والہانہ محبت کے جذبات کااظہار لبیک یارسول اللہ(ص) اور حرمت رسول اللہ (ص)پر جان بھی قربان ہے کے فلک شگاف نعرے لگا کر کر رہے تھے مظاہرین نے امریکی سفارت خانے کی جانب پیش قدمی کی تو پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں نے نہتے مظاہرین پر بلااشتعال شیلنگ اور فائرنگ شروع کردی جسکے نتیجے میں 6مظاہرین گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوئے اور ایک جوان سید علی رضا تقوی سر میں گولی لگنے سے ناموسِ رسالت پر شہید ہو گئے اس واقعے کے بعد توہینِ رسالت کے خلاف ایک ملک گیر تحریک کا آغا ز ہو گیا اور پاکستان کی تمام مذہبی جماعتوں نے شہیدِ ناموس رسالت علی رضا تقوی کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیااور ملک گیر اجتجاجی پروگرامات کا اعلان کر دیااب تک پاکستان کے تقریباًتمام چھوٹے بڑے شہروں میں روزانہ احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور 21ستمبر بروز جمعہ کو تمام شیعہ سنی جماعتیں مل کر پورے پاکستان میں احتجاجی پروگرامات ترتیب دے رہی ہیں ۔