بحرینی عوام کے خلاف ظالم حکومت کا اعلان جنگ
منامہ(مانیٹرنگ ڈیسک): بحرین کی تنظیم الاحرار کے سکریٹری سعید الشہابی نے کہا ہے کہ بحرین میں ایران کی مداخلت کے الزامات بے بنیاد ہیں۔
میڈیا کے ساتھ گفتگو میں بحرین کی تنظیم الاحرار کے سکریٹری سعید الشہابی نے کہا کہ بحرینی حکومت نے خود بحرینی عوام کے خلاف اعلان جنگ کر رکھا ہے۔ امریکہ اسرائیل سمیت عرب ڈکٹیٹر بادشاہوں کی بھر پور حمایت کررہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ بحرینی حکومت انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیوں کا ارتکاب کررہی ہے اس وقت 400 بحرینی شہری آل خلیفہ کی جیلوں میں قید و بند اور شکنجوں کی صعوبتیں برداشت کر رہےہیں قیدیوں کو مختلف قسم کی سزائیں دی جارہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے نے بھی بحرینی عوام کے خلاف آل خلیفہ حکومت کے بھیانک اور وحشیانہ جرائم پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔
الاحرار تنظیم کے سکریٹری نے بحرینی وزیر خارجہ کے بحرین میں ایران کی مداخلت کے الزام کو رد کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور بحرین کی حکومتیں امریکہ کے اشارے پر جو مشکلات عرب اقوام کے لئے پیدا کر رہی ہیں ان کا الزام وہ ایران پرعائد کررہی ہیں حالانکہ ایران کی بحرین ، سعودی عرب اور یمن میں کوئی مداخلت نہیں ۔
یمن پرخود سعودی عرب نے گزشتہ ڈھائی سال سےجنگ مسلط کر رکھی ہے جس میں اسے شکست کا سامنا ہے اور وہ اپنی شکست کا الزام یمنی عوام پر عائد کرنے کے بجائے ایران پر عائد کررہا ہے۔
سعید شہابی نے کہا کہ امریکہ خطے میں ڈکٹیٹر عرب بادشاہوں کی بھر پور حمایت کررہا ہے اورامریکہ بحرینی اور سعودی حکومتوں کے مظالم میں برابر کا شریک ہے