سعودی عرب نے قطر کی حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کی تھی
قطر کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ان کے ملک کا محاصرہ کرنے والے ملکوں یعنی سعودی عرب، مصر، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے قطر کی حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کی تھی اور اس سلسلے میں ان ممالک نے بڑا منصوبہ بھی تیار کیا تھا۔
قطر کے وزیر دفاع خالد العطیہ نے الجزیرہ ٹیلیویژن سے گفتگو میں کہا کہ خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن ممالک کے درمیان موجودہ بحران کھڑا کرنے سے قطر کا محاصرہ کرنے والے ملکوں کے مقصد اور سنہ انّیس سو چھیانوے، دو ہزار تیرہ اور دو ہزار چودہ کے بحرانوں کے مقاصد میں کوئی فرق نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ قطر اپنے بنیادی اصول سے ہرگز چشم پوشی نہیں کرے گا۔ قطر کے وزیر دفاع نے اپنے ملک کے خلاف اتحاد میں مصر کی شمولیت اور اس کے کردار کے بارے میں میں کہا کہ مصر اگرچہ قطر کے خلاف موقف اختیار کرنے والے ممالک میں شامل ہے مگر وہ حقیقی عامل شمار نہیں ہوتا اور قطر کے خلاف زہریلا پروپیگنڈہ کرنے والے مصری ذرائع ابلاغ کو بھی خلیج فارس تعاون کونسل کے ایک ملک کی جانب سے بجٹ فراہم کیا جا رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ ہر طرح کے اختلاف کو مذاکرات سے ہی ختم کیا جاسکتا ہے اور قطر محاصرہ کرنے والے ملکوں سے مذاکرات کے لئے تیار ہے۔