شام کے شہر ادلب میں خوفناک دھماکہ، 25 جاں بحق درجنوں زخمی
شمالی شام کے شہر ادلب کے الثلاثین نامی شاہراہ پر ایک کار بم دھماکے میں کم ازکم 25 نہتے شہری جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ہلاک یا زخمی ہونے والے عام شہری ہیں۔
شامی ذرائع کا کہناہے کہ دھماکہ سربازان قفقاز نامی عسکری تنظیم کے دفتر کے قریب ہوا ہے جس سے آس پاس کی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
ابھی تک کسی تنظیم یا گروہ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
واضح رہے کہ شام کے صوبہ ادلب میں شامی فوج کی تکفیری دہشت گردوں کے خلاف آپریشن پوری کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور شامی فوج نے اس صوبہ میں کئی دیہاتوں کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک کردیا ہے۔
شامی ذرائع کا کہنا ہے کہ شامی فوج اور عوامی رضاکار فورسز نے تکفیری دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کرکے متعدد دیہاتوں کو مکمل طور پر آزاد کرالیا ہے۔
خیال رہے کہ شام کے بعض دور دراز علاقوں پر النصرہ اور دیگر تکفیری دہشت گردوں کا کنٹرول ہے جس کے خلاف شامی فوج بھرپور کارروائیاں کررہی ہے۔