شیخ علی سلمان پر مقدمہ غیر سرکاری تنظیموں کا احتجاج
شیعت نیوز مانیٹرنگ ڈیسک ;بحرین میں انسانی حقوق کی تنظیموں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت الوفاق پارٹی کے سربراہ شیخ علی سلمان پر پارلیمانی انتخابات سے قبل مقدمہ سیاسی مخالفین کی آواز کو دبا دینے کے وسیع تر منصوبے کا ہی حصہ ہے – بحرین کی جمہوری اور قانونی تنظیم اے ڈی ایچ آر بی اور یورپ میں سرگرم بحرین سے متعلق جمہوری اور انسانی حقوق کی تنظیم ای سی ڈی ایچ آر نے شیخ علی سلمان پر مقدمے کی کارروائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے کہا ہے کہ وہ آل خلیفہ حکومت پر دباؤ ڈالے تاکہ وہ شیخ علی سلمان کو غیر مشروط طور پر رہا کرے- بحرین سے متعلق ان غیر سرکاری تنظیموں نے شیخ علی سلمان کے خلاف مقدمے کو سیاسی معاشرے اور سول سوسائٹی کے خلاف آل خلیفہ حکومت کا ایک اور حملہ قراردیا اور کہا کہ بحرین میں سیاسی مخالفین کو اپنی بات کہنے کی بناپر نشانہ بنایا جارہا ہے – واضح رہے کہ بحرین کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت جمعیت الوفاق یا الوفاق پارٹی کے سربراہ شیخ علی سلمان دوہزار چودہ سے جیل میں ہیں اور انہیں جولائی دوہزار پندرہ میں چار سال قید کی سزاسنائی گئی لیکن اپیل کورٹ نے ان کی سزاکی مدت بڑھا کر نو سال کردی ہے –