پاکستانی شیعہ خبریں

امام خمینی (رہ) کا راستہ بیداری کا راستہ ہے، علامہ سید جواد نقوی

agha jawadتحریک بیداری امت مصطفیٰ (ص) کے روح رواں اور جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے پرنسپل علامہ سید جواد نقوی نے کہا ہے کہ امام خمینی (رہ) کا راستہ بیداری کا راستہ ہے، موجودہ حالت میں راستہ مشکل ہے اور اس راستے میں کامیابی کے لئے بیداری کی ضرورت ہے، بصیرت کی ضرورت ہے اور شجاعت کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار علامہ سید جواد نقوی نے تحریک بیداری امت مصطفیٰ (ص) کی جانب سے کراچی کے تاریخی نشتر پارک میں منعقدہ اجتماع عظیم و وحدت آفرین امت مصطفیٰ (ص) کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام میں آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے مرکزی محرک مولانا مرزا یوسف حسین، جماعت اسلامی پاکستان سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، اہلسنت عالم دین مولانا انعام الحق تھانوی، مولانا منور علی نقوی و دیگر علمائے کرام نے خطاب کیا جبکہ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کراچی کے رہنما مولانا محمد حسین کریمی، مولانا مہدی کریمی اور مولانا جاوید جعفری سمیت مولانا عقیل صادقی، مولانا محمد علی رمضانی، دیگر علمائے کرام و ذاکرین عظام بھی موجود تھے۔ پروگرام میں علی دیپ رضوی سمیت دیگر نعت خوانوں نے بارگاہ رسالت (ص) میں نذرانہ عقیدت بھی پیش کیا۔

علامہ سید جواد نقوی نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام میں بیداری نہ ہو تو زمانے کا امام (ع) بھی اکیلا ہو جاتا ہے، جب عوام میں بیداری نہ ہو تو امام علی (ع) کو حکومت سے جدا کردیا جاتا ہے، امام حسین (ع) کو شہید کیا جاتا ہو اور خانوادان رسول (ص) کو اسیر کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کنفیوژ ملت کبھی بھی بیدار نہیں ہوتی، دشمن سے ہوشیار نہیں ہوتی، سازشوں کو نہیں سمجھتی، اس کا مقابلہ نہیں کرتی، افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ یہاں موجود ہر راہزن رہنما ملت میں موجود خرابی کا باعث ہے، جب ملت ہر راہزن شخص کو رہبر سمجھے گی تو یہ ملت میں شعور کی کمی اور بیدار نہ ہونے کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو کام امت کے کرنے کے ہیں اگر وہ کام ملت سیاستدانوں اور حکومت سے کرنے کو کہے گی تو اس کو ہمیشہ ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

علامہ جواد نقوی کا کہنا تھا کہ سفاک درندے اس ملت اسلامیہ کے مذہبی رہنما ہیں اور کرپٹ ترین لوگ اس ملت کے سیاسی لیڈر ہیں، جب ملت بیدار نہ ہو، ہوشیار نہ ہو، مقصد کو نہ پہچانتی ہو تو راستہ گم کردیتی ہے، اپنے رہبر کو گم کردیتی اور اپنا مقصد کھو بیٹھتی ہے،کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی وجہ ملت میں بیداری کا نہ ہونا ہے، کنفیوژ ملت کا رہبر کبھی بھی ملت کو سہارا نہیں دے سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امام خمینی (رہ) بے شعور قوم کے ذریعے انقلاب نہیں لائے بلکہ امام خمینی (رہ) کا ساتھ دینے والی قوم باشعور تھی اور آج بھی وہ قوم اپنے رہبر کی اطاعت میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شیعہ سنی کا دشمن نہیں ہے بلکہ دشمن نے ہماری غفلت سے فائدہ اٹھایا ہے کیونکہ ملت میں بیداری نہیں ہے، بیدار افراد دشمن کی سازشوں کو جانتے ہیں اور اس کے تدارک کے لئے عملی کام کرتے ہیں۔

علامہ جواد نقوی نے کہا کہ اس سال رسول اللہ (ص) کی شان میں توہین آمیز فلم بنائی گئی جبکہ اس ہی سال حج کے موقع پر روضہ رسول اللہ (ص) پر لاکھوں لوگ جمع ہوئے لیکن کسی بھی شخص کے حلق سے رسول اللہ (ص) کی شان میں ہونے والی گستاخی کے خلاف آواز نہیں نکلی۔ ہم نے مدرسے اور مسجدیں تو بھر دیں لیکن میدان خالی چھوڑ دیا، اس ملت کو جہاں ہونا چاہئے تھا وہاں نہیں ہے۔ انہوں نے تولا اور تبرا کی مختصر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تولا اور تبرا کیا ہے، تولا کے معنی ہیں لبیک یا رسول اللہ (ص) اور تبرا کے معنی ہیں مردہ باد امریکہ۔ ان کا کہنا تھا کہ ماہ محرم نزدیک ہے سب مل کر عزاداری کا حصہ بنیں گے اور حرمت رسول (ص) کا دفاع کرتے ہوئے سیرت زینب (ع) پر چلتے ہوئے عزاداری کی روح کو زندہ کریں گے، یہ ہی پاکستان کی مشکلات کا وحد حل ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button