ملالہ یوسف زئی کی مظلومیت پر واویلا کرنے والے آج ملت جعفریہ کی بیگناہ بیٹیوں کے قتل عام پرکیوں خاموش ہیں مولانا صادق رضا تقوی
کراچی سمیت ملک بھر میں بے گناہ شیعہ مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف کراچی میں بھی مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام بعد نماز جمعہ احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ یہ مظاہرے کراچی کے مختلف علاقوں میں مساجد اور امام بارگاہوں کے باہرمنعقد ہوئے۔ مظاہرین بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے۔ وہ اپنے مطالبات کے حق میں اور دہشت گردوں کے خلاف نعرے لگارہے تھے۔ مرکزی مظاہرہ حسینی جامع مسجد ملیر میں منعقد ہوا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ احمد اقبال رضوی ، مولانا صادق رضا تقوی مولانا محمد حسین کریمی اور سجاد اکبر زیدی نے کہا کہ عاشورہ کے بعد شہر کراچی میں دوبارہ امریکی و اسرائیلی مزدور اپنے دھندے یعنی ٹارگٹ کلنگ میں مصروف ہوگئے ہیں ۔پہلے فقط شیعہ مرد وں کو ہدف بنا کربے جرم و خطا قتل کیا جارہا تھا لیکن جمعرات کو ایک بے گناہ شیعہ جوان کے ساتھ ان کی زوجہ کو بھی دہشت گرد حملے میں شہید کیا گیا ہے۔ جمعہ کے روز ایک باپ کو اس کی معصوم بارہ سالہ بیٹی کے سامنے بے دردی سے شہید کردیا۔ اس بارہ سالہ بیٹی محضرزہرا کو بھی فائرنگ کرکے زخمی کیا گیا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا ان شیعہ خواتین کی رگوں میں کوئی اور خون دوڑ رہا تھا، کیا یہ خواتین ملالہ یوسف زئی سے کم اہمیت کی حامل تھیں۔ ایک ملالہ یوسف زئی پر حملہ ہوا تو دنیا بھر میں واویلا برپا ہوگیا اور کراچی کی معصوم شیعہ خواتین پر حملوں پر سب نے چپ سادھ رکھی ہے۔ ہم اس کھلی منافقت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ حکومتی اتحادی جماعتوں کی دوغلی پالیسی اورمنافقت کھل کر سامنے آگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران اتحاد اور ان کی انتظامی مشینری ناکام ہو چکی ہے لہٰذا اب کراچی میں فوجی آپریشن کرکے دہشت گردوں کافوری طور پر قلع قمع کیا جائے۔