پاراچنار :شہید ڈاکٹرریاض حسین شاہ کی نمازِ جنازہ اداکردی گئی، فضاء سوگوار، مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال
شیعیت نیوز کے نمائندے مطابق معروف شیعہ رہنماء ڈاکٹرریاض حسین شاہ کی ٹارگٹ کلنگ کے نتیجے میں شہادت کے خلاف صوبہ خیبر پختونخوا ہ کی کرم ایجنسی کے صدر مقام پاراچنار سٹی کی فضاء سوگوار ہے ۔ شہر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے ۔تمام کاروباری مراکز، بازار، دکانیں ، اسکول ، کالج مکمل طور پر بند ہیں ۔ ٹریفک معمول سے انتہائی کم ہے ۔
تفصیلات کے مطابقمعروف شیعہ رہنماء ڈاکٹرریاض حسین شاہ کی ٹارگٹ کلنگ کے نتیجے میں شہادت کے بعد ان کی میت پشاور سے پاراچنار منتقل کردی گئی ۔میت کے پاراچنار پہنچے پرشہید کے اہل خانہ سمیت علاقے کے عوام اور ہرفردکی آنکھ اشکبار تھی ۔ نمازِ جنازہ اور تدفین ان کے آبائی علاقے پیواڑ میں عمل میں آئی ۔ اطلاعات کے مطابق دس ہزار سے ذائد سوگواروں نے تشیعِ جنازہ میں شرکت کی ۔ تدفین کے وقت انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ۔
شہید ڈاکٹر سید ریاض حسین شاہ علاقے کی سماجی ، سیاسی اور بااثر شخصیت قرار دیئے جاتے تھے ۔ خاص کر شہید نوجوانوں کے درمیان خاصے مقبول تھے ۔پاراچنار پر طالبان کی لشکر کشی کے ایام میں شہید اسلام آباد میں موجود تھے ، مومنینِ پاراچنار سے یکجہتی کے لئے شہید اسلام آباد میں منعقدہ تمام احتجاجی اجتماعات میں شریک تھے۔
ڈاکٹر سید ریاض حسین شاہ کو نامعلوم دہشتگردوں نے پشاور میں فائرنگ کرکے شہید کر دیا۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ریاض حسین شاہ کو دہشتگردوں نے پشاور کے علاقہ ڈبگری گارڈن میں اندھا دھند فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ شہید ریاض حسین کا بنیادی تعلق پارا چنار کے علاقہ پیواڑ سے تھا اور اس سے قبل بھی ان پر پارا چنار میں خودکش حملہ ہوا تھا۔ تاہم کل ہونے والے حملہ میں وہ خالق حقیقی سے جا ملے۔
ریاض حسین شاہ کی ٹارگٹ کلنگ پر شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صدر علامہ رمضان توقیر، مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخواہ کے سیکرٹری جنرل علامہ سبیل حسن مظاہری، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پشاور ڈویڑن کے صدر اقتدار علی شایان اور امامیہ جرگہ خیبر پختونخوا کے رہنماء مظفر علی اخونزادہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔