جب تک دنیا میں گستاخان رسول (ص) موجود ہیں اسوقت تک امت نجات نہیں پاسکتی، علامہ سید جواد نقوی
تحریک بیداری امتِ مصطفٰی (ص) کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے کہا ہے کہ موجودہ نظام اس ملک کو نجات نہیں دلا سکتا، اس نظام میں رہتے ہوئے انسان پتھر کے دور میں تو جاسکتا ہے لیکن ترقی نہیں کرسکتا۔ آج قوم بجلی، پانی، گیس اور دیگر مسائل سے دوچار ہے، حتٰی کہ اب جان کی امان بھی خواب بنتا جا رہا ہے۔ اس نظام کی مثال اس گدھے کی سی ہے جس کے سوار تو بدلتے رہتے ہیں لیکن گدھا تبدیل نہیں کیا جاتا۔ یعنی نظام تو وہی رہتا ہے لیکن شکلیں بدلتی رہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا گوادر پورٹ کو چین کے حوالے کرنا غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔ چاہیے تو یہ تھا کہ حکمران عوام کو امریکی چنگل سے آزاد کراتے لیکن عملاً پورے ملک کو امریکہ کے آگے گروی رکھ دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج بھی غلام حکمرانوں کی طرف سے امریکہ کے حوالے کیے گئے سینکڑوں لوگ گوانتاناموبے جیل میں گل سڑ رہے ہیں، لیکن ان کی رہائی کیلئے کہیں سے کوئی آواز بلند ہوتے دکھائی نہیں دے رہی۔ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران سے گیس پائپ لائن لینے میں سنجیدہ نہیں ہے۔ ایسا لگ رہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں کے بیانات محض دکھاوا ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار راولپنڈی کے تاریخی لیاقت باغ میں تحریک بیداری امت مصطفٰی (ص) کے زیراہتمام منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں معصوم شہریوں کے خون سے ہولی کھیلی جا رہی ہے، قاتل آئے روز بم دھماکے کرتے ہیں اور ذمہ داری قبول کرلیتے ہیں لیکن چھوٹے چھوٹے معاملات پر سوموٹو لینے والے چیف جسٹس ٹس سے مس تک نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ نظام تعلیم، نظام سیاست اور نظام عدلیہ، یہ سب مغرب کی دین ہے۔ پاکستان کو بنے 65 برس بیت گئے لیکن نظام وہی چل رہا ہے جو انگریز دیکر گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس فضلہ خور تعلیمی نظام سے مغرب کی فیکٹریوں کو لیبر تو مہیا ہوسکتی ہے لیکن اس قوم کی تقدیر بدلنے والا لیڈر نہیں مل سکتا، انہوں نے کہا کہ تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں لیکن اس کیلئے گھروں سے نکل کر رسم شبیری ادا کرنا ہوگی۔
تحریک اُمت بیداری مصطفٰی (ص) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ربیع الاول کے شروع میں پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا دینے والوں نے اپنے خطابات میں کہیں پر بھی عالمی استعمار کا نام تک نہیں لیا۔ انہوں نے کہا سانحہ علمدار روڈ سے ملت میں پیدا ہونے والی بیداری کا کریڈٹ کسی کو نہیں جاتا، بلکہ یہ بیداری شہداء کے صدقے میں ملی ہے۔ شہداء کے خون کی تاثیر اور پیغام نے پوری قوم کو سڑکوں پر لانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس امت کے مسائل گورنر راج کے نفاذ سے یا ہٹانے سے حل ہونے والے نہیں ہیں، اس نظام میں رہتے ہوئے کوئی بھی آجائے اس قوم کی تقدیر نہیں بدلے گی، جب تک کہ لوگ اس مغربی نظام کو بدلنے کیلئے گھروں سے نہ نکلیں۔
راولپنڈی کے لیاقت باغ میں منعقدہ اجتماع امت رسول (ص) کی تصویری جھلکیاں