ایران، امریکا کے مزید جاسوس ڈرون طیارے مار گرائے گا، ایڈمرل حسین خانزادی
شیعہ نیوز : اسلامی جمہوریہ ایران کے بحریہ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ مزید امریکی جاسوس طیارے اور ڈرون مار گرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور امریکا یہ بات اچھی طرح جانتا بھی ہے۔
ایرانی بحریہ کے سربراہ ریئر ایڈمرل حسین خانزادی نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت پڑنے پر ایران امریکا کے مزید جاسوس طیارے اور ڈرون مار گرائے گا۔ ایران دوبارہ بھی ایسا ردعمل دے سکتا ہے اور دشمن یہ بات جانتا ہے۔
یاد رہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب نے چار روز قبل آبنائے ہرمز میں امریکا کا بغیر پائلٹ والا ڈرون مار گرایا تھا جس کی مالیت 10 کروڑ ڈالر تھی۔
انہوں نے امریکا سمیت تمام ایران دشمن قوتوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ سرحدوں کی خلاف ورزی کا بھر پور جواب دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایران کے پاسداران انقلاب کی جانب سے امریکی ڈرون مار گرائے جانے پر صدر ٹرمپ نے اپنی مسلح افواج کو تہران پر فوجی کارروائی کا حکم دیا تھا تاہم ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز میں ایک اور امریکی جاسوسی طیارے کو تنبیہ کے بعد جانے کی اجازت دینے کو سراہتے ہوئے فوجی کارروائی کا حکم واپس لے لیا تھا۔