ایران سمیت دنیا بھر میں حضرت امام جعفر صادق ؑ کی شہادت کی مناسبت سے جلوس اور مجالس عزا کا سلسلہ
شیعہ نیوز : اسلامی جمہوریہ ایران سمیت دنیا بھر میں پیغمبر اسلام ؐ کے فرزند اور آسمان امامت و ولایت کے چھٹے درخشاں ستارے حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے جلوس اور مجالس عزاکا اہتمام کیا گیا۔
آسمان امامت و ولایت کے چھٹے درخشاں ستارے اور پیغمبر اسلام ؐ کے فرزند حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے یوم شہادت کے موقع پراسلامی جمہوریہ ایران، عراق، لبنان، بحرین، سعودی عرب ، کویت ، قطر، امارات ، شام ، پاکستان ، ترکی ،آذربائیجان اور ہندوستان سمیت کئی یورپی اور مغربی ممالک میں عزاداری ، جلوس اور مجالس عزا کا اہتمام کیا گیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور شاہراہوں پر سیاہ پرچم اور بینرز لگائے گئے ہیں اور مساجد و امام بارگاہوں میں مجالس عزا و سینہ زنی اور جلوسوں کا سلسلہ کل رات سےجاری ہے۔ ایران کے مقدس شہروں مشہد اور قم میں جلوس عزا نکالے جارہے ہیں۔ ہر طرف غم و اندوہ کا ماحول ہے مؤمنین پیغمبر اسلام اور خاندان اہلبیت عصمت و طہارت کو آسمان امام و ولایت کے چھٹے درخشاں ستارے کی شہادت پر پرسہ دے رہے ہیں۔
حضرت ابو عبداللہ ، جعفر بن محمد بن علی بن الحسین بن علی بن ابی طالب علیھم السلام معروف بہ صادق آل محمد شیعوں کے چھٹے امام ہیں ۔ جواپنے والد امام محمد باقر علیہ السلام کی شہادت کے بعد 7 ذی الحجہ سن 114 ھ ق کو آنحضرت کی وصیت کے مطابق منصب امامت پر فائز ہوئے ۔
امام جعفر صادقؑ جمعہ طلوع فجر کے وقت اور دوسرے قول کے مطابق منگل 17 ربیع الاول سن 80 ھ ق کو مدینہ منورہ میں پیدا ہوئے ۔ آنحضرت کی والدہ کا نام فاطمہ بنت قاسم بن محمد بن ابی بکر جن کی کنیت ’’ ام فروہ‘‘ تھی ۔ آپ کی شہادت 25 شوال سن 148 ہجری قمری ميں عباسی خلیفہ منصور دوانقی کے ہاتھوں ہوئی ۔ آپ کا روضہ مبارک جنت البقیع میں تھا جسے سعودی عرب کے وہابیوں نے جنت البقیع میں موجود اہلبیت، اصحاب اور ازواج کے دیگر روضوں کے ہمراہ شہید کردیا۔