نیکٹا نے مزید 2 تنظیموں کو کالعدم قرار دے دیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے 2 مزید تنظیموں، حزب الاحرار اور بلوچستان راجی اجوئی آر سنگر (براس)، پر پابندی عائد کردی۔مذکورہ تنظیموں پر پابندی انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 11-بی کے تحت لگائی گئی اور ان کے اراکین اور سرگرمیوں کی نگرانی کا آغاز کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے 2 مزید تنظیموں کے ناموں کو کالعدم تنظیموں کی فہرست میں شامل کرلیا جبکہ اس فہرست میں 71 تنظیموں کے نام پہلے ہی موجود تھے۔اس سے قبل رواں برس مارچ میں جماعت الدعوہ اور اس سے منسلک اداروں کو کالعدم قرار دے دیا گیا تھا۔جس کے بعد وفاقی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں سندھ، پنجاب، بلوچستان اور اسلام آباد میں متعلقہ حکومتوں نے کالعدم تنظیم، اس کے تحت چلنے والے متعدد مدارس اور رفاہی اداروں کو اپنے زیر انتظام لے لیا تھا یا پھر سیل کردیا تھا۔اس کے ساتھ جماعت الدعوہ کی ذیلی فلاحی تنظیم فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کو مارچ ہی میں جبکہ اس سے منسلک 2 دیگر اداروں کو مئی میں کالعدم قرار دے دیا گیا تھا۔
دوسری جانب ترکی سے تعلق رکھنی والی تنظیم پاک ترک انٹرنیشنل ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو اپریل میں کالعدم قرار دے دیا گیا تھا اور اس کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔ حکومت نے کالعدم تنظیموں کے اثاثے منجمد کرنے کیلئے حکم جاری کردیایاد رہے کہ مارچ میں حکومت نے کالعدم تنظیموں کی درجہ بندی میں اضافہ کرتے ہوئے انہیں ’شدید خطرہ‘ قرار دینے اور فنانشنل ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے مطالبات کو پورا کرنے کے لیے سخت سیکیورٹی کے قانونی، انتظامی، مالی اور تفتیشی پہلوؤں کے تحت تمام افراد اور ان کی حرکات و سکنات کی از سرِ نو جانچ کا فیصلہ کیا تھا۔
اس حوالے سے ایک سیکیورٹی عہدیدار کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف یہ آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک نیشنل ایکشن پلان کے تحت مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوجاتے۔