کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی، کراچی تا خیبر ریلیاں،مظاہرے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر پاکستانی قوم نے مقبوضہ جموں اور کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ’ کشمیر آور‘ منایا۔اس دوران دن 12 سے ساڑھے 12 بجے تک کشمیر آور منایا گیا، اس دوران ملک بھر میں سائرن بجائے گئے جس پر تمام ٹریفک اور حکومتی مشینری نے کام روک دیا۔
زرائع کے مطابق کشمیر آور کے آغاز پر پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کا قومی ترانہ بھی بجایا گیا، جس کے ساتھ ہی کراچی سے لے کر خیبر تک تمام پاکستانی اپنے مقامات پر کھڑے ہوگئے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کے شرکا وزیر اعظم کے دفتر کے باہر جمع ہوئے، وزیر اعظم کے دفتر کے باہر منعقد تقریب میںوزیراعظم نے شرکا سے خطاب کیا۔کراچی کے عوام، طلبا اور وکلا بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور مقبوضہ وادی کے لوگوں کو واضح پیغام بجھوانے کے لیے گھروں سے نکلے، لاہور کے شہری بھی کشمیروں سے اظہار یکجہتی کے لیے سڑکوں پر نکلے۔بلوچستان کے غیور عوام بھی کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے سڑکوں پر نکل آئے اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی ریلیاں نکالی گئیں۔آزاد کشمیر کے عوام نے بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالیں۔