غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے دو بچے شہید، 70 زخمی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں جمعہ کی شام ایک احتجاجی ریلی کے شرکاء پر فائرنگ اور اندھا دھند آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں دو فلسطینی شہید اور 70 زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق کہ قابض اسرائیلی فوج نے مشرقی غزہ میں مظاہرین پر فائرنگ کی جس کےنتیجے میں دو فلسطینی 17 سالہ علی سامی علی الاشقر اور 14 سالہ خالد ابو بکر الربعی شہید اور 76 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ ان میں سے 70براہ راست فائرنگ سے زخمی ہوئے ہیں۔
زخمیوں میں سے بعض کوتشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ جمعہ کے روز غزہ میں مختلف مقامات پر حق واپسی ریلیاں نکالی گئیں۔ اسرائیلی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر گولیاں چلائیں اور ان پر آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوگئے تھے۔
غزہ کے علاقے میں 30مارچ 2018ء سے جاری احتجاجی ریلیوں پراسرائیلی فائرنگ سے اب تک 237 فلسطینی شہید اور 31ہزار زخمی ہوچکے ہیں۔ ان میں سے 500 زخمیوں کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔
غاصب اسرائیل نے سن دو ہزار چھے سے غزہ کا محاصرہ کر رکھا ہے اور وہ وہاں بنیادی اشیا کی ترسیل کی راہ میں شدید رکاوٹیں پیدا کر رہا ہے جس کے نتیجے میں غزہ کے فلسطینیوں کو غذائی اشیا، ادویات اور دواؤں کی شدید قلت کا سامنا ہے۔