
خواتین سے بدسلوکی، چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کرنا قابل مذمت ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین کراچی کے سیکٹری جنرل علامہ صادق جعفری نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ سادہ لباس والوں کی طرف سے کراچی میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے4 شیعہ جوانوں کی جبری گمشدگی قابل مذمت اقدام ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بے گناہ جوانوں کا یوں لاپتہ کردینا بنیادی شہری حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔قانون نافذ کرنے والے ادارے ماورائے آئین چھاپوں اور گرفتاریوں سے خوف وہراس پیدا کررہے ہیں ۔
علامہ صادق جعفری نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے رات کی تاریکی میں دروازے توڑ کر گھروں میں داخل ہونے سے ملت جعفریہ میں احساس عدم تحفظ پروان چڑھ رہاہے ۔
انہوںنے کہاکہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے ، کسی بھی جرم میں ملوث شہری کو حوالات میں بند کیا جاتا ہے ،اسے عدالت میں پیش کرکے اس پر الزام ثابت کیا جاتا اور اسے اپنی صفائی پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جاتاہے لیکن ہمارے قانون نافذ کرنے والے ادارے جمہوری دور حکومت میں آمریت کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔ مختلف علاقوں سے جبری گمشدہ کیئے جانے والے چاروں جوان بے گناہ ہیں ۔ ملت جعفریہ پہلے ہی درجنوں جوانوں کی جبری گمشدگیوں پر طویل عرصہ سے سراپا احتجاج ہے اس پر ستم یہ کہ مزید چار جوانوں کو لاپتہ کردیا گیا۔
علامہ صادق جعفری نے گورنر سندھ، وزیر اعلیٰ سندھ، کورکمانڈرکراچی، ڈی جی رینجرز سندھ، آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے غیر آئینی اور غیر قانونی اقدامات کا فوری نوٹس لیں اور ہمارے جوانوں کی جلدبازیابی کو یقینی بنائیں۔