ملت جعفریہ یوم شہادت امام سجادؑ کو یوم اسیر کے عنوان سے منارہی ہے
امام زین العابدین علیہ السلام حقیقی وارث و مبلغِ پیغامِ امامِ حسین علیہ السلام ہیں
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر سید قاسم شمسی نے 25 محرام الحرام امام زین العابدین علیہ السلام کے روز شہادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ امام زین العابدین علیہ السلام حقیقی وارث و مبلغِ پیغامِ امامِ حسین علیہ السلام ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امامؑ نے شہداء کے نظریے کو زندہ رکھا، دورِ حاضر کی کربلا میں بھی امام علیہ السلام کی زندگی سے درس لیتے ہوئے شہداء کی یاد کے ساتھ ساتھ شہداء کے راستے اور نظریے کو اپناتے ہوئے امربالمعروف و نہی عن المنکر انجام دیں اور طاغوتی طاقتوں کیخلاف برسرپیکار رہیں۔
مرکزی صدر نے کہا کہ آج ملت تشیع پاکستان امام سجادعلیہ السلام کے یوم شہادت کو یوم اسیران کے عنوان سے منا کر اس عزم کا اظہار کر رہی ہے کہ نظریات کو کسی صورت قید نہیں کیا جا سکتا۔ قاسم شمسی نے کہا کہ ہمارے بے گناہ اسیران بہت جلد ان شاء اللہ پُرامن احتجاجی تحریک کی بدولت ہمارے ساتھ ہوں گے۔