ماہ ستمبر میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں 514 فلسطینی زیر حراست
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) فلسطین میں انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ستمبر 2019ء کے دوران اسرائیلی فوج نے 10 خواتین اور 81 بچوں سمیت 514 فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد جیلوں میں قید کیا۔
رپورٹ کے مطابق کلب برائے اسیران، الضمیر فاؤنڈیشن برائے انسانی حقوق اور فلسطینی محکمہ امور اسیران کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قابض اسرائیلی فوج نے بیت المقدس سے ستمبر کے مہینے میں 175 فلسطینیوں کو حراست میں لیا۔ کسی ایک شہر سے گذشتہ ماہ فلسطینیوں کی سب سے زیادہ گرفتاریاں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق رام اللہ اور البیرہ سے 54، الخلیل سے 100، جنین سے 25، بیت لحم سے 25،نابلس سے 45، قلقیلیہ، طوباس سے 5،سلفیت سے 8، اریحا سے 10 اور غزہ کی پٹی سے 11 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال کے دوران اسرائیلی فوج کے ہاتھوں اب تک 5000 فلسطینیوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ان میں 43 خواتین، 200 بچے شامل ہیں۔ رواں سال 450 فلسطینیوں کو اسرائیلی زندانوں میں انتظامی قید کی سزائیں دیں گئیں۔