غزہ: فلسطینیوں پر صیہونی فوج کا حملہ، 22 بچوں سمیت 50 زخمی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) غزہ کی پٹی میں جمعہ کے روز اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں 22 بچوں سمیت 50 شہری زخمی ہو گئے۔
غزہ میں وزارت صحت کے مطابق جمعہ کے روز غزہ میں حق واپسی ریلیوں کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے پچاس شہری زخمی ہوگئے۔ ان میں نصف تعداد بچوں پرمشتمل ہے۔
رپورٹ کے مطابق گذشتہ جمعہ کو غزہ کےمشرقی علاقوں میں ہونے والے مظاہروں کے دوران اسرائیلی فوج نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا۔
اطلاعات کے مطابق طبی عملے کے چار کارکنوں سمیت درجنوں فلسطینی براہ راست گولیاں لگنے جب کہ دیگر شہری آنسوگیس کی شیلنگ سے زخمی ہوئے۔
مقامی فیلڈ آبزرور نے بتایا کہ قابض اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ میں حق واپسی تحریک کے 77 ویں جمعہ کو مظاہرین پر مشین گنوں، آنسوگیس کی شیلنگ اور دھاتی گولیوں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت کم سے کم54 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے پر امن فلسطینیوں پر مشین گنوں سے شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔
زخمیوں میں سے بعض کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ جمعہ کے روز غزہ میں مختلف مقامات پر حق واپسی ریلیاں نکالی گئیں۔ قابض اسرائیلی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر گولیاں چلائیں اور ان پر آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوگئے تھے۔
غزہ کی پٹی میں فلسطینی مظاہرین کی حق واپسی تحریک 30 مارچ 2018ء سے جاری ہے۔ اس تحریک کےآغاز سے اب تک 324 فلسطینی شہید اور 31 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ قابض اسرائیلی فوج نے 16 فلسطینی شہداء کے جسد خاکی اپنے قبضے میں لے رکھے ہیں۔