ایران سعودی مصالحت، عمران خان کے دورہ ایران کا اعلامیہ جاری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وزیراعظم عمران خان کے دورہ ایران کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا، وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ تعلقات میں مضبوطی پاکستان کی ترجیح ہے، خلیجی ممالک میں فریقین بات چیت سے مسائل حل کریں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے خلیج میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے ایران کا دورہ کیا، شاہ محمود قریشی، معاون خصوصی زلفی بخاری اور دیگر حکام وزیراعظم کے ساتھ تھے، وزیراعظم کی ایرانی صدر حسن روحانی کے ساتھ ملاقات ہوئی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے دونوں ممالک میں تاریخی اور ثقافتی تعلقات کو اجاگر کیا، مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ تعلقات میں مضبوطی پاکستان کی ترجیح ہے۔ وزیراعظم کی صدر روحانی سے ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں کے درمیان علاقائی سکیورٹی کے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے خلیجی ممالک کو کسی جنگی تنازع سے بچانے پر زور دیا، کہا خلیج کی موجودہ صورت حال پر تنازعات سے بچنے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے کہا خلیجی ممالک میں فریقین بات چیت سے مسائل حل کریں، مذاکرات سے سعودی عرب اور ایران کشیدگی میں کمی کے لیے سہولت کاری کرسکتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر پر ایران کی حمایت پر اظہار تشکر کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں 7 ہفتے سے 80 لاکھ افراد کا لاک ڈاؤن جاری ہے۔ انھوں نے صدر روحانی کو 5 اگست کے بھارتی اقدام سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی اور یک طرفہ اقدامات سے خطے میں امن کے لیے خطرہ پیدا ہو
ا۔ دریں اثناء وزیراعظم نے رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای سے بھی ملاقات کی، وزیراعظم نے پاکستان ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور علاقائی امن کے لیے حالیہ اقدامات سے آگاہ کیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کی ایرانی قیادت کے ساتھ خوش گوار ماحول میں ملاقاتیں ہوئیں، ایران نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کی تعریف کی، دونوں فریقین نے مصالحتی عمل آگے بڑھانے کے لیے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔