سید الشھداء حضرت امام حسینؑ کے چہلم پر ایران کی فضا سوگوار
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پورے ایران میں سید الشھداء حضرت امام حسین علیہ السلام کا چہلم عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
ایران میں آج سنیچر کے روز نواسہ رسول حضرت امام حسینؑ کا چہلم انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے جبکہ شب اربعین میں پورے ایران میں مجالس عزا اور جلوسوں کا سلسلہ جاری رہا۔ آج چہلم کے روز پورے ایران میں عام تعطیل ہے اور نواسۂ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم کے سلسلے میں مجالس عزا اور جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے۔
آج کے دن سیدالشہداء حضرت امام حسینؑ کی شہادت کو چالیس دن پورے ہوئے اور مشہور قول کی بنا پر آج ہی کے دن اہلبیت حرم ، شام سے کربلا لوٹے ہیں۔
آج کے دن سن اکسٹھ ہجری میں صحابی پیغمبراسلامؐ جناب جابر بن عبداﷲانصاری نے شہادت امام حسینؑ کے بعد پہلی مرتبہ آپ کی قبر مطہر کی زیارت کی۔
چہلم کے دن سید الشہداء حضرت امام حسینؑ کی کربلا میں زیارت کرنا عظیم ثواب رکھتا ہے۔
پاکستان اور ہندوستان میں شہدائے کربلا کا چہلم کل بروز اتوار منایا جائے گا اس موقع پر مختلف شہروں سے عزاداری کے سیکڑوں چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوں گے۔