اہم پاکستانی خبریںہفتہ کی اہم خبریں

مولانا فضل الرحمٰن کی ڈنڈہ بردار فورس انصارالاسلام کالعدم قرار

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وفاقی حکومت نے جمعیت علمائے اسلام (ف) اور مولانا فضل الرحمٰن کی ذیلی ڈنڈہ بردارفورس انصار الاسلام کو کالعدم قرار دے دیا۔

رپورٹ کے مطابق وفاقی کابینہ نے جے یو آئی (ف) کی ڈنڈہ بردارفورس انصار الاسلام کو کالعدم قرار دینے کی سفارش کی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزارت داخلہ کی 3 صفحات پر مبنی سمری 18 اکتوبر کو کابینہ ارکان کو بھیجی گئی تھی، جس کی منظوری اب وفاقی کابینہ نے سرکولیشن پر دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ صوبائی سطح پر انصارالاسلام کو کالعدم قرار دینےکا فیصلہ صوبوں کی مشاورت سے کیا جائے گا جبکہ وفاقی کابینہ کے فیصلے کے بارے میں وزارت داخلہ کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے انصار الاسلام کو کالعدم قرار دینے کیلئے وزارت قانون اور الیکشن کمیشن کو بھیجی گئی سمری میں کہا گیا تھاکہ جے یو آئی (ف) کی ذیلی تنظیم لٹھ بردار ہے۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ قانون اس کی اجازت نہیں دیتا، قانون میں کسی قسم کی مسلح ملیشیا کی اجازت نہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ جے یو آئی میں شامل تنظیم پارٹی منشور کی شق نمبر 26 کے تحت الیکشن کمیشن میں بھی رجسٹرڈ ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل جے یو آئی (ف) کے باوردی محافظ دستے کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا گیا تھا کہ مولانا فضل الرحمان محافظ دستے سے سلامی لے رہے ہیں۔

خیبر پختونخوا حکومت نے ویڈیو وائرل ہونے کے بعد جے یو آئی ف کے محافظ دستے کے خلاف کارروائی کا اعلان بھی کیا تھا۔

یاد رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) نے 27 اکتوبر کو آزادی مارچ کا اعلان کررکھا ہے جس کی جماعت اسلامی کے علاوہ تمام اپوزیشن کی جماعتوں نے حمایت کی ہے جبکہ آزادی مارچ کے اعلان کے بعد سے ہی ملک میں سیاسی گرما گرمی میں اضافہ ہوگیا ہے۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button