عراق میں امریکی فوجیوں کی کوئی جگہ نہیں
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) عراقی فوج نے آج ایک جاری بیان میں کہا ہے کہ امریکی فوج کو شام سے خارج ہوکرعراق میں ٹھہرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ ادھر امریکی وزیر دفاع عراق کے اچانک دورے پر بغداد پہنچ گئے ہیں۔
عراقی فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکی فوجی کو عراقی کردستان کے ذریعہ عراق سے خارج ہونے کا حق ہے لیکن عراق میں ٹھہرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی فوجی شام سے خارج ہوکر عراق کے صوبہ کردستان میں داخل ہوگئے ہیں ۔
ادھر عراق کے نیم خود مختار علاقہ کے سربراہ نچیروان بارزانی نے امریکی فوج کے شامی کردستان کے علاقہ سے خارج ہونے کو نا پسندیدہ اقدام قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم امریکہ کے شکر گزار ہیں جس نے کردستان کی حفاظت میں ہمارا ساتھ دیا۔
درایں اثنا امریکی وزیر دفاع مارک اسپر عراق کے اچانک دورے پر بغداد پہنچ گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر دفاع عراق کے وزیر دفاع نجاح الشمری اور عراق کے وزیر اعظم عادل عبدالمہدی کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور عالمی مسائل کے بارے میں گفتگو اور تبادلہ خیال کریں گے۔
ذرائع کے مطابق امریکی وزیر دفاع امریکی فوج کو شام سے عراق منتقل کرنے کے بارے میں بھی گفتگو کریں گے۔