جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی کوششیں، 4 شیعہ لاپتہ عزادار بازیاب
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کی تازہ احتجاجی تحریک کے نتیجے میں مزید چار شیعہ لاپتہ عزادار بازیاب ہوگئے ہیں۔ بازیاب ہونےوالوں میں تین جوانوں کا تعلق کراچی اور ایک کا تعلق جوہرآباد پنجاب سے ہے ۔
تفصیلات کے مطابق خانوادہ اسیران ملت اور علمائے کرام کی نمائندہ کمیٹی جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کی شب وروزکی کوشش اور جدوجہد کے نتیجے میں مزید 4شیعہ لاپتہ عزادار بازیاب ہوکر بخیر وعافیت اپنے گھر پہنچ چکے ہیں ۔بازیاب ہونے والوں میں سے عارف رضوی ، نجف عباس اور اظہر عباس کا تعلق کراچی سے جبکہ حسن کا تعلق خوشاب کے علاقے جوہر آباد، پنجاب سے ہے ۔
ذرائع کے مطابق بازیاب ہونے والے اظہر عباس اور حسن دوسال سے زائد عرصے سے لاپتہ تھے جبکہ عارف رضوی اور نجف عباس کو ایک ماہ سے زائد عرصہ قبل ان کے گھروں سے اٹھا کر لاپتہ کیا گیاتھا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں اس وقت درجنوں شیعہ عزادار مختلف شہروں سے لاپتہ ہیں جن کے پیارے ان کی تلاش میں رات دن سرگرداں ہیں ۔ کئی ایک گمشدگان کے بوڑھے والدین اپنےجوان بیٹوں کی راہ تکتے تکتے اس دنیا سے رخصت ہوگئے ۔
اسیران کے اہل خانہ اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا مطالبہ ہے کہ ان لاپتہ عزاداروں نے اگر کوئی جرم کیا ہے توانہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے وگرنہ انہیں فی الفور رہا کیا جائے۔