غزہ پر وحشیانہ حملے، صیہونی حکومت کا خونی چہرہ بے نقاب ہوگیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر قاسم شمسی کا کہنا ہے کہ فلسطین میں غزہ کی پٹی پر ایک بار پھر ناجائز صیہونی ریاست اسرائیل نے وحشیانہ حملے کئے ہیں، اسرائیل کی تازہ ترین فضائی جارحیت میں فلسطینی تنظیم اسلامی جہاد کے بہا ابوالعطاء سمیت درجنوں نہتے مظلوم فلسطینیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
مرکزی صدر نے غاصب اور جابر صیہونی حکومت کی غزہ پر جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں وحشیانہ حملوں نے صیہونی حکومت کے خونی چہرے کو بے نقاب کر دیا ہے اور اس وحشیانہ بربریت پر عالمی اداروں کی خاموشی قابل افسوس اور لائق مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی حملہ اگر کسی غیر مسلم ملک پر ہوتا تو اس وقت پوری دنیا میں شور مچا ہوا ہوتا مگر افسوس او آئی سی جیسے مسلمانوں کے اپنے ادارے بھی خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
انہوں نے اسلامی ممالک اور انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیا کہ فقط بیانات کی حد تک اس جارحیت کی مذمت نہ کی جائے بلکہ جانبداری کے حصار سے باہر نکل کر اسرائیلی مظالم کیخلاف عملی اقدامات کرتے ہوئے برسوں سے اسرائیلی ظلم کی چکی میں پسنے والے فلسطینیوں کا محاصرہ ختم کروایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے امت مسلمہ کو اب خاموش نہیں رہنا چاہیے کیوں کہ یہ وقت خاموشی کا نہیں بلکہ استعمار کی نابودی کے آغاز کا ہے، اگر امت مسلمہ اپنے اتحاد کا مظاہرہ کرے تو اسرائیل کا ناجائز وجود لمحوں میں صفحہ ہستی سے مٹ سکتا ہے۔۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایس او پاکستان اور ملت پاکستان مشکل گھڑی میں فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ ہے، وہ دن دور نہیں جب فلسطین و کشمیر کے عوام آزاد فضاوں میں سانس لیں گے۔