
اسرائیل کے دوست عرب ممالک مظلوم فلسطینیوں کےقاتل ہیں
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وفاق المدارس شیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ سید نیاز حسین نقوی نے غزہ فلسطین میں جاری ناجائز اسرائیلی صہیونی ریاست کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے امت مسلمہ کے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا اور کہا ہے کہ مشترکہ مسائل پر اتفاق رائے نہ کیا گیا تو اسلامی وحدت کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے جو اسلام اور مسلمانوں کیلئے کسی صورت مناسب نہ ہوگا، غزہ پر اسرائیلی مظالم عرب و اسلامی ممالک کی بے حسی کا نتیجہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جامعتہ المنتظر میں طلبا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ اسرائیل کے دوست عرب ممالک مظلوم فلسطینیوں کے قتل کے ذمہ دار ہیں، جنہوں نے اسرائیل کی حمایت کرکے فلسطین کاز کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، کبھی یہودی بستیاں تعمیر کی جاتی ہیں تو کبھی مسلمان خواتین اور جوانوں کو شہید کردیا جاتا ہے۔ مگر عرب ممالک فلسطینیوں کا ساتھ دینے کی بجائے اسرائیلی مظالم پر پردہ پوشی کرتے ہیں، یہ ایسا جرم ہے، جو تاریخ معاف نہیں کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی کشمیر، فلسطین، اور یمن بارے منافقانہ پالیسی قابل مذمت ہے، امریکی شہہ پر اسرائیلی مظالم چھپائے جاتے ہیں، جبکہ مسلمانوں کے پاس ویٹو پاور بھی نہیں، جس کی وجہ سے مسلمانوں کا بری طرح خون بہہ رہا ہے، مگر عرب ممالک خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں۔ انہیں مسلمانوں کے اجتماعی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں۔ وہ اسرائیل کو تحفظ دینے میں مصروف ہیں جو کہ شرمناک اور افسوسناک ہے۔
علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کے وزیراعظم عمران خان کے جراتمندانہ فیصلہ سے عرب ممالک کو غیرت کرنی چاہئے جو اپنے ہم زبان اور ہم مسلک فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی شرمناک چاپلوسی کر رہے ہیں۔