ایران میں اغیار کی مداخلت کے خلاف عوام کی عظیم الشان ریلی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ایرانی عوام نے ملک میں شرپسندوں کے حالیہ اقدامات اور اغیار کی مداخلت کیخلاف دارالحکومت تہران میں ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا اور ملک کی سلامتی کے تحفظ اور شر پسندوں کو سزا دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
دارالحکومت تہران ایک بار پھر امریکہ مردہ بادہ ، اسرائیل مردہ باد، برطانیہ مردہ باد، اور بلوائی مردہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔ ایران میں بلوے اور تشدد کے خلاف عوام کا ملین مارچ جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق دارالحکومت تہران کے مختلف علاقوں سے ریلیوں اور جلوسوں کی شکل میں عوام انقلاب اسکوائر پہنچے۔ دارالحکومت تہران کا انقلاب اسکوائر اور اس کے اطراف کی شاہراہیں، بلوے اور تشدد کے مخالفین اور انقلابی اقدار نیز اسلامی جمہوری نظام کے حامیوں سے چھلک رہی تھیں۔
اس ریلی میں ہرطبقے کے لوگ شریک تھے جنہوں نے ملک میں اغیار کی مداخلت اور عوامی املاک کی تباہی کو شدت سے مذمت کی۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ حالیہ دنوں میں بھی ایران کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ایرانی عوام نے دشمن عناصر اور شرپسندوں کے اقدامات کیخلاف ریلیاں نکالیں۔
ریلیوں میں شریک ایرانی عوام نے کہا کہ ان کے راستے شرپسندوں سے بالکل ہٹ کے ہیں اور وہ عوامی املاک کی تباہی اورعوام کے ہر کسی مالی اور جانی نقصان کی سختی سے مذمت کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ ایران میں کشیدگی اور احتجاج کے بعد امریکہ اور ناجائزصیہو نی ریاست کے بعض حکام نے ایران مخالف فارسی زبان ذرائع ابلاغ کی بھر پور حمایت کے ذریعے ملک میں کشیدگی اور شر پسندانہ اقدامات کی آگ کو بھڑکانے کی کوشش کی۔
ایران کی پاسداران انقلاب فورس (IRGC) کے کمانڈر بریگیڈیر جنرل حسین سلامی نے دارالحکومت تہران میں منعقدہ حالیہ ریلی میں شریک عوام کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں ہونے والی بغاوت، ان تمام بڑی شکستوں کا نتیجہ تھی جو دشمنوں نے گذشتہ 40سالوں کے دوران، امت مسلمہ اورعظیم ایرانی قوم کے سامنے کھائی تھی۔
دوسرے شہروں کے عوام کی طرح تہران کے عوام نے بھی اپنے مظاہرے میں امریکہ مردہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگائے اور، اسلامی انقلاب ، انقلابی اقدار، حضرت امام خمینی ؒ کی امنگوں اور رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای سے اپنی وفاداری کا اعلان کیا۔