اقوام متحدہ کی گاڑی پر خود کش حملہ متعدد ہلاک و زخمی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) افغانستان میں اقوام متحدہ کی گاڑی پر خود کش حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں ایک غیر ملکی اہلکار سمیت متعدد پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پولیس ہیڈ کوارٹر کے نزدیک اقوام متحدہ کی ایک گاڑی کے نزدیک حملہ آور نے خود کو بارودی مواد سے اُڑالیا۔ خود کش حملے میں 3 پولیس اہلکار اور ایک غیر ملکی شخص بھی ہلاک ہوگیا۔
خود کش حملے میں پولیس کی گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا جب کہ ہیڈ کوارٹر کی ایک دیوار بھی منہدم ہوگئی۔ افغان فوج نے علاقے کا گھیراؤ کرکے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا جبکہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ زخمیوں میں غیر ملکی افراد بھی شامل ہیں۔
حکومتی ترجمان نصرت رحیمی نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکا خودکش حملہ نہیں بلکہ بارودی سرنگ کے پھٹنے کے باعث ہوا تھا۔ دھماکے میں ایک غیر ملکی ہلاک اور 5 پولیس اہلکار زخمی ہوئے تاہم غیر ملکی میڈیا اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد حکومتی دعوؤں کے برعکس کہیں زیادہ ہے۔
دوسری جانب صوبے دایکندی میں 200 سے زائد طالبان موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں پر سوار ہوکر آئے اور پولیس چیک پوسٹوں پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 8 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ طالبان نے پولیس چیک پوسٹوں پر قبضہ کرلیا۔
واضح رہے کہ کئی برسوں سے اس ملک میں قابض امریکی فورسز کی موجودگی کے باوجود افغانستان میں جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے جن میں زیادہ تر ہلاکتیں شہریوں کی ہوتی ہیں۔