یمن: سعودی عرب کی نگرانی میں داعش کے تربیتی مراکز کا قیام
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) یمنی حکام کا کہنا ہے کہ مفرور صدر منصور ہادی اور سعودی عرب کے زیرقبضہ علاقوں میں داعش اور القاعدہ کے دہشت گردوں کے لئے تربیتی مراکز قائم کئے جارہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یمن کے وزیرداخلہ کا کہنا ہے کہ داعش اور القاعدہ کے دہشت گردوں کی تربیت کے لئے ’’شبوہ‘‘ اور ’’ابین‘‘ نامی شہروں میں متعدد مراکز کھولے گئے ہیں جہاں ان دہشت گردوں کو تربیت دی جارہی ہے۔
یمنی دارالحکومت صنعا میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہا کہ سعودی عرب کے زیرقبضہ علاقوں میں داعش اور القاعدہ کے درجنوں دہشت گردوں کو تربیت دی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا زیر تربیت دہشت گردوں کا تعلق دنیا کے مختلف ممالک سے ہے۔
یمنی وزیر کا مزید کہنا ہے کہ شبوہ اور ابین کو تکفیری دہشت گردوں کی آماجگاہ بنایا گیا ہے اور ’’جعار‘‘ نامی شہرمیں بھی تکفیری دہشت گردوں کے کئی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ یمن میں سعودی اتحادی افواج کو بدترین شکست کا سامنا ہے اور یمنی سرکاری فوج اور الحوثی قبائل کے خلاف اب تکفیری دہشت گردوں کو استعمال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔