طلبا یونین کی بحالی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں،عارف حسین
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر نے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت طلبا یونین کی بحالی کے لولی پاپ کی بجائے علمی اقدامات کیلئے پیش رفت کرتے ہوئے طلبا یونین کو بحال کروا کر الیکشن کا جلد انعقاد کروایا جائے۔
وزیراعظم کی جانب سے طلبہ یونینز بحالی کے حوالے سے بیان کو آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر عارف حسین نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ طلبہ یونینز کی فوری بحالی وقت کی ضرورت ہے، طلبہ یونین پر پابندی سے جامعات میں مکالمہ کی فضا ختم ہوئی اور شدت پسندی میں اضافہ ہوا، ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ طلبا یونین کی بحالی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ماضی میں یونین کی بحالی کے محض دعوے کئے جاتے رہے اور منافقانہ طرز عمل پہ حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت طلبا یونین کی بحالی کے لولی پاپ کی بجائے علمی اقدامات کیلئے پیش رفت کرتے ہوئے طلبا یونین کو بحال کروا کر الیکشن کا جلد انعقاد کروایا جائے۔
طلبہ سے گفتگو میں عارف حسین الجانی کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایس او پاکستان کا پہلے دن سے یہی موقف تھا کہ طلبہ یونین کا بحال ہونا انتہائی اہمیت کا حامل ہے، طلبہ یونینز پر پابندی کے باعث طلبہ اپنے آئینی حق سے محروم ہیں، طلبہ یونینز کی بحالی سے معاشرے میں جمہوری اقدار پروان چڑھنے کیساتھ ساتھ ملک میں جمہوریت مضبوط ہوگی طلبہ یونین پر پابندی سے طلبہ تعلیمی اداروں کے آئین کے تحت حاصل ہونیوالے بنیادی حقوق و اختیار سے محروم ہیں، جس کے سبب طلبہ کو بنیادی مسائل حل کرنے کیلئے نااہل انتظامیہ کے دفتر کے چکر لگانے پڑتے ہیں طلبہ یونین کی بحالی سے تعلیمی استعداد بڑھے گی۔