اختیارات کے ناجائز استعمال پر ٹرمپ مواخذے سے نہیں بچ سکتے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امریکی پارلیمنٹ کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ضمن میں دستاویز تیار کی جائیں گی اور ٹرمپ کا مواخذہ ہوگا۔
انہوں نے پارلیمانی قانونی کمیٹی سے کہا ہے کہ وہ اس ضمن میں تمام دستاویز اور قرائن کا جائزہ لے کر مواخذے کے نکات تحریر کرے۔
نینسی پلوسی نے زور دے کرکہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نہ صرف اپنے اختیارات سے تجاوز کیا ہے بلکہ ان کا غلط استعمال بھی کیا۔
نینسی پلوسی کےاس اعلان کے بعد اب اگلے مرحلے میں یہ کمیٹی اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے مواخذے کی روداد اور نکات تحریر کرے گی اور اسے پارلیمنٹ کے بھرپور اجلاس میں تمام اراکین کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
اگراسے سادہ اکثریت مل جاتی ہے تو صدر ٹرمپ کے براہِ راست مواخذے کا آغاز ہوجائے گا یہاں تک کہ صدر ٹرمپ کو مواخذے کے بعد ان کےعہدے سے بھی ہٹایا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدرٹرمپ پر یوکرائن پر دباؤ ڈالنے اور عسکری مدد روک کر ذاتی فوائد اور سیاسی مقاصد حاصل کرنے کا الزام ہے۔ تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ بائیں بازو کے ڈیمو کریٹس نے اعلان کیا ہے کہ وہ میرا مواخذہ کرنا چاہتے ہیں اور مواخذے کی یہ روش مستقبل کے صدور پرحملے کی راہ ہموار کرے گی۔