
مسلم دنیا کے پلیٹ فارمز اپنے فیصلوں پر عملدرآمد میں پیچھے ہیں۔
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ترک صدر رجب طیب اردوغان نے کہا کہ سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ مسلم دنیا کو اکٹھا کرنے والے پلیٹ فارمز اپنے فیصلوں پر عملدرآمد میں پیچھے ہیں۔
ترک صدر رجب طیب اردوغان نے اپنے خطاب میں او آئی سی کا نام لیے بغیر اس سے اختلافات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ مسلم دنیا کو اکٹھا کرنے والے پلیٹ فارمز اپنے فیصلوں پر عملدرآمد میں پیچھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم اب بھی فلسطین کے معاملے پر کوئی پیشرفت نہیں کر پائے، اگر اب بھی اپنے وسائل کا استحصال نہیں روک سکے، اگر اب بھی فرقہ واریت کی بنیاد پر مسلم دنیا کی تقسیم نہیں روک سکتے تو اس لیے ہم پیچھے اور زوال کا شکار ہیں۔
رجب طیب اردوغان نے اسلامی دنیا کی نمائندگی کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی تشکیل نو کا مطالبہ بھی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا ان پانچ ممالک سے بڑی ہے، جبکہ مسلم ممالک کو ایک دوسرے کی کرنسیوں میں آپس میں تجارت کرنے کی ضرورت ہے۔
ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور سمٹ سے خطاب میں مہاتیر محمد نے کہا کہ اس سمٹ کا مقصد یہ سمجھنا ہے کہ کیوں اسلام، مسلمان اور مسلم ممالک بحران کا شکاراور بے یار و مددگار ہیں۔
مہاتیر محمد نے کہا کہ ہو سکتا ہے ہم ان تمام وجوہات کو سامنے لانے کے قابل نہ ہوں جن کی وجہ سے ہم غم و غصے اور اضطراب میں ہیں لیکن اس بات پر تقریباً سب کا اتفاق ہے کہ ہم غیر مسلموں سے ترقی کی دوڑ میں پیچھے ہیں جنہوں نے ہمیں لڑ کھڑایا ہے میرے خیال میں ہمارے پاس اس کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے کہ ہم جلد سے جلد ترقی کریں۔