عراق کے مختلف صوبوں میں داعش کی دہشت گردانہ حملوں کی کوششیں
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) عراق میں عوامی رضاکار فورس حشد الشعبی نے مشرقی صوبہ دیالہ کے علاقے نفت خانہ میں دہشت گرد گروہ داعش کے حملے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پچھلے دنوں عراق کے مختلف علاقوں منجملہ صوبہ دیالہ میں متعدد دہشت گردانہ حملے ہوئے تھے ۔
دوسری جانب داعش دہشت گرد گروہ کے عناصر نے شمالی عراق کے صوبہ صلاح الدین کے شہر بیجی کے الصینیہ اور مشرقی عراق کے صوبہ دیالہ کے السعدیہ علاقوں پر دہشت گردانہ حملے کئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان حملوں میں کم سے کم پانچ عراقی فوجی جاں بحق اور تین دیگر زخمی ہوگئے۔
عراقی ذرائع کے اعلان کے مطابق داعش دہشت گرد گروہ کے خفیہ عناصرحالیہ ہفتوں میں عراق میں پیدا کی جانے والی بدامنی سے ناجائز فائدہ اُٹھاتے ہوئے اس ملک کے مختلف علاقوں میں نئے حملے کی تیاری کررہے ہیں۔
بغداد سمیت عراق کے بعض صوبوں میں گذشتہ اکتوبر کے مہینے سے ملک میں عام سروسز کی نامناسب صورت حال ، بےروزگاری اور دفتری بدعنوانی کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں تاہم گذشتہ ہفتوں میں مظاہروں نے تشدد کا رخ اختیار کر لیا جس کے نتیجے میں دسیوں افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے تھے۔
ثبوت و شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ عراق میں ہونے والے مظاہرے ازخود نہیں شروع ہوئے تھے بلکہ اس میں اغیار ملوث تھے اور اسے بھڑکانے میں بھی انھیں کا ہاتھ ہے۔
عراق کے صوبہ بصرہ کی پولیس نے بھی کہا ہے کہ امریکہ ،صیہونی حکومت ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات ، عراق میں امن و ثبات کو درہم برہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔