قائداعظم کا 144واں یوم ولادت آج منایا جا رہا ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 144 واں یوم ولادت آج منایا جا رہا ہے۔
صدر اور وزیراعظم نے اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ پاکستان قائد اعظم کے تصور کے مطابق ترقی کی راہ پر گامزن ہے، قائد اعظم کا فرمان سچ ثابت ہوا کہ انتہا پسند ہندو مسلمان اقلیت کو عزت و احترام سے نہیں رہنے دیں گے۔
25دسمبر کو اس عظیم رہنما کا جنم ہوا جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو علیحدہ وطن دیا اور دنیا اسے قائد اعظمؒ محمد علی جناح کے نام سے جانتی ہے۔ اس عظیم قائد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آج پاکستان میں عام تعطیل ہے اور مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔ مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی۔
اہم حکومتی، سیاسی و سماجی شخصیات اور بڑی تعداد میں شہری مزار قائد پر حاضری دے کر اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کریں گے۔ قائداعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت پر اپنے پیغام میں صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ قائداعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کی الگ شناخت اور سیاسی سمت کا تصور دیا، ہمیں متحد ہو کر قائد اعظم کی تعلیمات پر قائم رہنے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے اور ترقی کے لیے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں پر عمل پیرا ہونا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائد اعظم کے رہنما اصول اپنا کر ہم اپنے مقاصد حاصل کرسکتے ہیں، قائداعظم آخری سانس تک مثالی جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے لیے پُرعزم رہے۔ ایمان، اتحاد اور تنظیم کو اپنا کر نئے پاکستان کی منزل حاصل کی جا سکتی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا، ہم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، آج کے دن ہمیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم کے شکار عوام کو نہیں بھولنا چاہیے، آج دنیا کے سامنے بھارتی آئین کے نام نہاد سیکولر چہرے کا نقاب اتر چکا ہے۔