عراق سے امریکی شکست شیطان کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے عراق کی موجودہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراق سے داعش کے خاتمے میں حشد الشعبی (عوامی رضاکار فوج) کے جرات مندانہ کردار کو کلیدی حیثیت حاصل ہے۔ عراق کے غیور عوام نے اخوت و اتحاد سے نہ صرف داعش کو شکست دی بلکہ ان عالمی استکباری قوتوں کے عزائم کو بھی خاک میں ملایا، جو داعش کی سہولت کار تھیں۔ آج امریکہ اور اس کے حواری عراق کے مضبوط دفاع حشد الشعبی کے خلاف ایک منظم سازش کے تحت پروپیگنڈے میں مصروف ہیں، تاکہ عوام کے اندر اس عوامی فوج کے خلاف نفرت پیدا کی جا سکے۔
علامہ راجہ ناصر عباس کا مزید کہنا تھا کہ امریکی مذموم مقاصد کے سامنے عراق کے یہی باوفا بیٹے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑے ہوئے اور امریکہ کی حمایت یافتہ عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کو بدترین شکست دی۔ عالم استعمار اس عوامی فوج کے وجود سے سخت خائف ہے اور ہر قیمت پر اس کا خاتمہ چاہتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ گذشتہ دنوں عراق کی سرحد پر موجود حشد الشعبی کے کیمپ پر امریکی حملہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ حملے میں متعدد افراد کو شہید کرکے امریکہ نے ایک بار پھر عراق کی خود مختاری کو چیلنج کیا ہے، جو سفارتی و اخلاقی آداب کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ یہ حملہ اس حقیقت کا عکاس بھی ہے کہ امریکہ دہشت گردوں کا حامی اور دہشت گردوں کے دشمنوں سے اس کی دشمنی ہے۔ اپنے اہداف کے حصول کے لیے امریکہ عالمی قانون کو اسی طرح پامال کرتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی قوتوں کو اس حقیقت کو درک کرنا چاہیئے کہ ظلم و جبر کا دور مختصر ہوتا ہے۔ وہ دن دور نہیں، جب اس خطے کے عوام امریکہ اور اس کے آلہ کاروں کو عبرتناک شکست سے دوچار کریں گے۔ عراق سے امریکہ کی شکست شیطان کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی۔