رحیم یارخان، مجلس وحدت مسلمین کی امریکہ مخالف احتجاجی ریلی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین ضلع رحیم یارخان کے زیراہتمام مدافع حرم شہید سردار قاسم سلیمانی پر امریکی بزدلانہ حملے اور مقامات مقدسہ پر حملوں کی دھمکی کے خلاف امام بارگاہ حیدری ٹرسٹ سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغرتقی نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی تصاویر اُٹھا رکھی تھیں، علاوہ ازیں شرکاء نے بینرز، پلے کارڈز اور ایم ڈبلیو ایم کے پرچم اُٹھا رکھے تھے، ریلی کے شرکاء نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور حکومت پاکستان سے یہود وہنود کی بجائے مسلمان ممالک کی حمایت کرنے کا مطالبہ کیا۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغرتقی نے کہا کہ مدافع حرم شہید سردار قاسم سلیمانی حریت کی علامت تھے، وہ نہ صرف شیعوں کے ہیرو تھے بلکہ سنیوں میں بھی مقبول تھے، یہی وجہ ہے کہ حماس کے سربراہ نے اُنہیں شہید قدس قرار دیا ہے، شہید قاسم سلیمانی نے فلسطینی مسلمانوں کی حمایت کی اور اسرائیل کو شکست دینے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مزید کسی جنگ کا یا محاذآرائی کا متحمل نہیں ہے، ہم آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کو سراہتے ہیں، اس وقت پاکستان کو اندرونی شدید مسائل ہیں ہمیں پہلے اپنے ملک کو بچانا ہے، ماضی میں ہم نے پرائی جنگوں میں کودنے کا نتیجہ اُٹھایا جسے ہم کبھی نہیں دہرانے دیں گے۔ ریلی میں اہلسنت رہنمائوں اور وکلاء نے بھی شرکت کی۔