عمران خان میرے دوست ہیں،شہید سلیمانی کے قاتل ٹرمپ کا اقرار
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیووس میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران اس بات کا اقرار کیا ہے کہ عمران خان میرے قریبی دوست ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر شہید قاسم سلیمانی کے قاتل امریکی صد ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان انتہائی خوشگوار ماحول میں سائڈ لائن ملاقات ہوئی۔
باضابطہ ملاقات سے قبل میڈیا سے مشترکہ گفتگو کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ سے دوبارہ مل کر خوشی ہوئی، امریکی صدر کے ساتھ افغان امن عمل پر بھی بات ہوگی۔
اس ملاقات کے دوران شہید قاسم سلیمانی کے قاتل ڈونلڈ ٹرمپ نےاس بات کا اقرار کیا کہ عمران خان میرے قریبی دوست ہیں، ان سے دوبارہ ملاقات پر خوشی ہوئی۔ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اچھے تعلقات ہیں جبکہ دونوں ممالک آج سے پہلے اتنے قریب کبھی نہ تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سے ملاقات میں کشمیر کی صورتحال پر بات کریں گے، پاکستان اور بھارت کے درمیان جو کچھ ہو رہا ہے، اس کا بغور جائزہ لے رہے ہیں جبکہ میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان کردار ادا کرسکتا ہوں۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کا ایک بڑا مسئلہ بھارت کے ساتھ معاملات ہیں، امید ہے کہ امریکا اس معاملے کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا، کیونکہ بھارت کے ساتھ معاملات کوئی دوسرا ملک حل نہیں کرسکتا۔