فلسطین بھر میں ٹرمپ کے منصوبے ’’سینچری ڈیل‘‘ کے خلاف مظاہرے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) کل جمعہ کے روز اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کی اپیل پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام نہاد امن منصوبے ’’صدی کی ڈیل‘‘ کے خلاف فلسطین بھر میں احتجاجی مظاہرے اور جلسے جلوس نکالے گئے۔
رپورٹ کے مطابق فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد لاکھوں افراد نے امریکی صدر کے مشرق وسطیٰ منصوبے کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں حصہ لیا۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم، امریکی صدر کے خلاف نعروں پرمشتمل بینرز اور کتبے اُٹھا رکھے تھے۔ جلوسوں سے خطاب میں حماس اور دیگر فلسطینی رہنماؤں نے امریکی اور صیہونی سازش کو مسترد کردیا۔
غزہ میں سینچری ڈیل کے خلاف عوامی ریلی سے مختلف فلسطینی رہنماؤں نے خطاب کیا اور اس عزم کا اعلان کیا کہ سینچری ڈیل ناپاک منصوبے کو ہرگز نافذ نہیں ہونے دیں گے۔
غزہ میں ٹرمپ کے منصوبے صدی کی ڈیل کے خلاف نکالی گئی ایک ریلی سے خطاب میں حماس رہنما طاہرالنونو نے کہا کہ فلسطینی قوم، مزاحمتی قوتیں اور آزادی پسند اقوام امریکی سازش کو آگے نہیں بڑھنے دیں گی۔
ادھربیت المقدس اورغرب اردن کے مختلف شہروں میں بھی حماس کی اپیل پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
اس درمیان صیہونی فوجیوں نے پرامن فلسطینی مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس میں بڑی تعداد میں فلسطینی مظاہرین زخمی ہوگئے۔