علامہ ناصر عباس جعفری کی علامہ سید ساجد علی نقوی سے ملاقات ، داماد کی شہادت پر تعزیت کا اظہار
شیعت نیوز کے نمائندے کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے ایک وفد کے ہمراہ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی سے ان کی رہائش گاہ پر راولپنڈی میں ملاقات کی اور کیپٹن عباس رضوی کی شہادت پر تعزیت پیش کی۔ وفد میں علامہ حسنین عباس گردیزی بھی شامل تھے۔ شیعہ علماء کونسل کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ عارف حسین واحدی نے ایم ڈبلیو ایم کے وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر علامہ ناصر عباس جعفری نے علامہ ساجد نقوی کے بھائی سید علی نقی نقوی کے داماد کیپٹن عباس رضوی کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ملاقات میں امام خمینی ٹرسٹ کے چیئرمین علامہ افتخار ھسین تقوی بحی موجود تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی، اس دوران ملکی صورتحال اور ملی و مذہبی معاملات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، دونوں رہنماؤں نے تبلیغات کے حوالے سے مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے زرائع ابلاغ کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی اور طے پایا کہ دونوں تنظیمیں تبلیغات کے حوالے سے مشترکہ طور پر کام کریں گی، جبکہ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ اصغر عسکری نے زرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملاقات انتہائی خوش آئند ہے۔ اس قسم کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہئے۔ جو ملت کے انتہائی مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اتحاد و وحدت کے ذریعے ہی آگے بڑھ سکتے ہیں۔