
واہگہ بارڈر خود کش حملہ ، 3دہشتگردوں کو سزائے موت سنا دی گئی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) واہگہ بارڈر خود کش حملہ کیس میں ملوث تکفیری دہشتگردوں کے سہولت کاروں کو 5،5 بار سزائے موت ، 24 بار عمر قید اور 10،10 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کی سزا سنا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی لاہور کی خصوصی عدالت میں واہگہ بارڈ حملہ کیس کی سماعت ہوئی، اس موقع پر تکفیری سہولت کاروں کو انتہائی سخت سکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا گیا۔
انسداد دہشتگردی لاہور کی خصوصی عدالت نے واہگہ بارڈر خود کش حملہ کیس میں ملوث کالعدم سپاہ صحابہ اور لشکر جھنگوی کے دہشتگردوں کے سہولت کاروں کو جرم ثابت ہونے پر 5،5 بار سزائے موت،24 بار عمر قید اور 10،10 لاکھ جرمانے کی سزا سنادی۔
عدالت نے کالعدم سپاہ صحابہ اور کالعدم لشکر جھنگوی کے سہولت کاروں حسین اللہ، حبیب اللہ اور سید جان گجنی کو پانچ پانچ بار سزائے موت اور مجموعی طور پر تین تین سو سال قید کی سزا کاحکم دیا۔عدالت نے تینوں تکفیری سہولت کاروں ں کو تیس تیس لاکھ روپے مقتولین کے ورثا کو بطور معاوضہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔
یاد رہے کہ ملک دشمن کالعدم سپاہ صحابہ اور کالعدم لشکر جھنگوی کے سفاک دہشتگرد حنیف اللہ عرف حمزہ کی جانب سے 2 نومبر 2014ء کو واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی تقریب کے دوران کئے گئے خودکش حملے میں 55 سے زائد افراد شہید جبکہ 100 سے زائد افراد کو زخمی ہوئے تھے۔