پاکستانی شیعہ خبریں

ووٹ قومی امانت، نااہل افراد کو ووٹ دینا شرعاً جرم ہے، علامہ ساجد نقوی

sajidnaqvi1

ہمارا میڈیا نماز جمعہ کے اجتماعات ہیں، جن کے ذریعے ہم ملک کے اندر مثبت طرز فکر کو فروغ دیں گے۔ جس طرح شر کی قوتیں گمراہی پھیلا رہی ہیں، خیر کی طاقتوں کو بھی حق کی حمایت کے لیے آگے آنا چاہیے۔ ووٹ قومی امانت ہے، نااہل افرادکو ووٹ دینا شرعاً جرم ہے۔ ان خیالات کا اظہار ملی یکجہتی کونسل کے قائمقام صدر علامہ سید ساجد علی نقوی نے خطباء جمعہ کے اجلاس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثاقب اکبر نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت کرنا ہمارا ایمانی فریضہ ہے، ہم ہر طرح کی انتہا پسندی کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل کے تمام کمیشنز فعال ہیں اور اپنے اپنے دائرہ کار میں پیشرفت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام میں یہ شعور اجاگر کریں گے کہ وہ اپنا مقدر بدلنے کے لیے ووٹ کو بطور طاقت استعمال کریں اور اس قومی امانت کے تقدس کا خیال رکھیں۔

خطباَء جمعہ کمیشن کے کنوینیر پروفیسر محمد ابراہیم کا کہنا تھا کہ ہم آئین کے آرٹیکل 62-63 کی خلاف ورزی نہیں ہونے دیں گے۔ خطبات جمعہ میں نااہل امیدواروں کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔ ملی یکجہتی کونسل آئندہ عام انتخابات میں اہل نمائندوں کے انتخاب میں عوام کی راہنمائی کرے گی، تاکہ یہ انتخابات مثبت تبدیلی کا ذریعہ بن سکیں۔ ملی یکجہتی کونسل کے خطباء جمعہ کمیشن کا یہ اجلاس، کونسل کے مرکزی سیکریٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اس اہم اجلاس میں کونسل کے قائمقام صدر علامہ سید ساجد علی نقوی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثاقب اکبر اور پروفیسر ابراھیم کے علاوہ کونسل میں شامل دیگر جماعتوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ کمیشن کا اگلا اجلاس 16 اپریل 2013ء کو منعقد ہوگا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خطباء جمعہ کمیشن مرکزی کابینہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست کا اہتمام کرے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button