سیرت حضرت علیؑ اپنا کر ہم دنیا و آخرت میں سرخرو ہوسکتے ہیں
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ آج مسلم امہ متحد نہیں ہے اور انتشار کے باعث ہمیں دنیا بھر میں مسائل کا سامنا ہے، حکمران حضرت علی (ع) کی تعلیمات پر عمل کرکے مسائل سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے نشتر پارک میں منعقدہ مرکزی جشن مولود کعبہ (ع) کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
تقریب کا اہتمام جعفریہ الائنس پاکستان ڈسٹرکٹ ایسٹ نے کیا تھا۔ ضلع شرقی کے چیئرمین معید انور اور دیگر سیاسی پارٹیوں کے رہنما، علمائے کرام، مشائخ عظام، ذاکرین، دانشور، شعرائے کرام کے علاوہ شہریوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
اپنے خطاب میں میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ حضرت علی (ع) شجاعت و بہادری میں اپنی مثال آپ تھے، حضور اکرم (ص) شہر علم ہیں اور حضرت علی (ع) اس کا دروزہ ہیں، جس سے محبت رسول خدا (ص) کرے اس سے ہمیں بھی محبت کرنی چاہیئے، جو سعادت حضرت علی (ع) کو ملی وہ اور کسی کو حاصل نہیں، حضرت علی (ع) کی شجاعت و سیرت کو اپنا کر ہم دنیا و آخرت میں سروخرو ہوسکتے ہیں۔
میئر کراچی نے کہا کہ کاش ہمارے حکمراں حضرت علی (ع) کی زندگی کو اپناتے اور اس ڈگر پر پالیسی بناتے تو ہمیں آج جن مشکلات کا سامنا ہے وہ نہ ہوتا، حالات اس بات کا تقاضہ کررہے ہیں کہ موجودہ صورتحال میں ہمیں حضرت علی (ع) جیسا لیڈر چاہیئے، ابھی بھی وقت ہے کہ صاحب اقتدار طے کرلیں کہ ہم نے اپنے ملک و قوم کے لئے وہی پالیسی رکھنی ہے جو حضرت علی (ع) نے اپنے دور خلافت میں رکھی تھی۔
انہوں نے کہا کہ آج کی اس تقریب میں شرکت کرکے میں فخر محسوس کر رہاہوں اور دعا گو ہوں کہ اللہ تعالی اس شہر کو ترقی دے اور ہمیں درپیش مسائل سے نکالے۔ تقریب کے اختتام پر میئر کراچی وسیم اختر نے علمائے کرام اور مشائخ عظام کے ساتھ مل کر ولادت باسعادت حضرت علی (ع) کا کیک کاٹا اور پوری مسلم امہ اور کراچی کے شہریوں کو جشن ولادت حضرت علی (ع) کی مبارکباد پیش کی۔