
شیعہ مسنگ پرسنز پر خاموش علامہ ساجد نقوی کا میر شکیل کی رہائی کا مطالبہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کرپشن کیس میں گرفتار جنگ و جیو گروپ کے مالک میر شکیل الرحمٰن کی انکوائری مکمل ہونے سے قبل گرفتاری کو زیادتی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ میر شکیل الرحمٰن کو انصاف مہیا کیا جائے۔
جعفریہ پریس پر جاری اپنے ایک بیان میں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ گرفتاری غیر معمولی ہے، اس عمل میں شفافیت کا فقدان نظر آتا ہے اور یہ میڈیا مخالف پالیسی کا مظہر ہے، اس اقدام سے اخباری صنعت میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے اور ایک خوف کی فضا قائم ہوگئی ہے، جسے دور کرنا انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ شعبہ صحافت کو دبانے سے ملک کو نقصان ہوگا اور دنیا بھر میں یہ پیغام جائے گا کہ پاکستان میں صحافتی آزادی نہیں ہے، جس سے ملک کی بدنامی ہوگی، انہوں نے کہا کہ آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا وقت کی اشد ضرورت بن چکا ہے، قانون کا احترام سب پر لازم ہے۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ میر شکیل الرحمٰن کو رہا کرکے انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں طویل عرصے سے شیعہ مسنگ پرسنز کی بازیابی کے لیے تحریک جاری ہے لیکن علامہ ساجد نقوی کی جانب سے شیعہ مسنگ پرسنز کے لیے کوئی آواز بلند نہیں کی گئی۔