حکومت میڈیا پر ملت تشیع کیخلاف جاری منفی پراپیگنڈہ بند کرائے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سکھر پریس کلب میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے رہنماؤں نے ہنگامی پریس کانفرنس کی ۔ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی جنر ل سیکرٹری علی اویس زیدی کا کہنا تھا دنیا بھر کے انسان موذی وائرس کا شکار ہورہے ہیں اور ہر ملک میں قومی سطح پر آگاہی مہم اور بحیثیت قوم اس وائرس کا مقابلہ کیا جارہا ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں وبائی مرض سے بچاوکی بجائے خوف و ہراس طاری کیا جارہا ہے اور ساتھ ہی ساتھ سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا جارہا ہے ۔
علی اویس زیدی کا کہنا تھا کہ ہزاروں زائرین کو کئی دن تک ایک جگہ رکھ کر بیمار ہونے کےلئے کیوں چھوڑا گیا۔؟ حقیقت سے راہ فرار کیوںاختیار کیا جا رہا ہے۔؟ ملت تشیع پاکستان اس مشکل صورتحال میں تعاون کے لئے تیار ہے لیکن زائرین کی تذلیل ناقابل برداشت ہے اس لئے پراپیگنڈہ کی بجائے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔
آئی ایس او کے رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی ناقص پالیسی اور غیر ذمہ دارانہ رویہ نے ہزاروں افراد کی زندگیوں کو موذی مرض میں مبتلا کردیا ہے ۔تفتان میں جگہ کی کمی کے بعد مریضوں اور صحت مند افراد کو اکٹھے رہائشی سہولیات دی گئی جس کے باعث بیسیوں افراد اس وائرس کاشکار ہوئے ہیں ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ زائرین کو فی الفور بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں اور میڈیا پر جاری ملت تشیع پاکستان کیخلاف زہریلا پروپیگنڈہ فوری روکا جائے۔
مرکزی جنرل سیکرٹری علی اویس زیدی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے کرونا وائرس کےخطرے کے باعث تعلیمی اداروں کو بند کردیا ہے لیکن ہزاروں طلباء کے مستقبل کو دائو پر لگا دیا ہے ۔جامعات میں آخری سمسٹر ،او لیول اے لیول اور میٹرک امتحانات کے امیدوار طلبا بھی غیر واضح تعلیمی منصوبہ بندی کے باعث پریشان ہیں حکومت سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں اس گھمبیر صورتحال میں شکایات کا ازالہ کریں ۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آئی ایس او پاکستان نے ملک بھر میں اجتماعی نشستوں کو عارضی طو رپر موخر کردیا ہے اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کے لئے آگاہی اور صفائی مہم کا آغاز کردیا ہے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس انسان کش وباء سے چھٹکارا دعاو مناجات کے ساتھ ساتھ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے سے ہی ممکن ہے ۔