سعودیہ و دیگر ممالک سے آنیوالوں کی سکریننگ نہ ہونے سے کرونا پھیلا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) سربراہ شیعہ علماءکونسل پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاہے کہ کورونا وائرس بین الاقوامی انسانی المیہ ہے اوریہ وبائی مرض ہے،جس نے 195 ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، اس معاملے پر متحد ہوکر نمٹنے کی ضرورت ہے، اجتماعات سے گریز کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، لاک ڈاؤن کے دوران غرباءو مساکین اور مزدور طبقے کاخصوصی خیال رکھا جائے ، مخیر حضرات بھی آگے آئیں ۔
علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا تھاکہ پاکستان میں اس وائرس کے پھیلاؤ کے اسباب مختلف ہیں۔ بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر اسکریننگ کے بہتر انتظامات نہ ہوسکے ، عمرہ سمیت دیگر مصروفیات کے بعد وطن واپس آنیوالے افراد کو کسی بھی وجہ سے ائرپورٹ سے گھر جانے دیا گیا اسی طرح ایران سے تفتان کے ذریعے واپس آنیوالے زائرین اور کاروباری حضرات کو ایک جگہ اکٹھا کیا گیا اور مناسب اقدامات نہ اٹھائے جاسکے جس کے باعث صحت مند افراد میں بھی اس وائرس کے خدشات بڑھے جبکہ فیصل آباد سنٹر میں منتقل کیے جانے والے افراد تمام کے تمام زائرین نہیں ہیں بلکہ ان میں سے 100کے قریب افراد غیر قانونی طور پر سرحد پار کرنے والے ڈی پورٹ شدہ افراد ہیں۔
علاوہ ازیں تبلیغی جماعت کے ہزاروں کے اجتماع کو یکدم ختم کرنے کے ساتھ سکریننگ وغیرہ کسی اقدام کے بغیر ہی گھروں کو جانے دیاگیا جو پورے ملک میں پھیل گئے جس کی وجہ سے کورونا کے خدشات بڑھے چنانچہ اسلام آباد کے نواحی علاقے میں کیس رپورٹ ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ اس موقع پر مخیر حضرات کو بھی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ، اپنے ارد گرد غربا، مساکین اور مزدور طبقے کاخصوصی خیال رکھا جائے، اشیائے ضروریہ کے ساتھ ماسکس ،سینیٹائزرز وغیرہ غریبوں کو عطیہ کر کے ان کے گھروں تک پہنچائے جائیں ، عوام اجتماعات سے گریز کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیا رکریں،پاکستان انشاءاللہ اس مشکل وقت میں سروخرو ہوگا، اس حوالے انہوںنے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مکمل تعاون کےلئے تیار ہیں ذمہ دار اور رضا کار امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں ۔