ملتان قرنطینہ میں زائرین سے حکومتی بدسلوکی ناقابل قبول ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری نے کرونا وائرس پر حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے زائرین کے ساتھ بدسلوکی کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دینی مسائل اور امور شرعیہ میں مجتہد کے حکم اور فتویٰ پر عمل کی طرح صحت سے متعلق امور میں ڈاکٹر کی ہدایات پر عمل بھی واجب ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ محکمہ صحت کی ہدایات کے مطابق عمل کریں۔
میڈیا سیل کی طرف سے جاری بیان میں علامہ افضل حیدری نے کہا کہ عراق اور ایران سے آنیوالے زائرین کیساتھ ملتان قرنطینہ سنٹر میں بدسلوکی پر عوام میں اضطراب پایا جاتا ہے، جن افراد کے نیگیٹو ٹیسٹ آ چکے ہیں، حکومت انہیں 14 دن تفتان اور 16 دن ملتان قرنطینہ میں رکھنے کے باوجود گھر جانے کی اجازت نہیں دے رہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ لگتا ہے کہ حکومت نے ان کا علاج کرنے کی بجائے، انہیں قید کر رکھا ہے، احتیاطی تدابیر کے ضروری ایام گزارنے کے بعد انہیں گھروں کو بھجوانے کے لئے ڈی سی ملتان نے گاڑیاں بھجوا دیں اور زائرین کو ان میں بٹھا بھی دیا گیا مگر اوپر سے حکم کے نام پر انہیں پھر واپس کمروں میں بھجوا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ زائرین کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے، اور انہیں اپنے گھروں کو جانے دیا جائے۔
علامہ محمد افضل حیدری نے کہا کہ کرونا وائرس قومی چیلنج ہے، ملی یکجہتی کے ذریعے اس پر قابو پایا جائے، مسئلہ زائرین کا ہو یا تبلیغی جماعت کا اِسے مسلکی تعصب کا رنگ دینا قابل مذمت ہے۔