شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی آج 82ویں برسی منائی جارہی ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شاعر مشرق علامہ اقبال کی 82 ویں برسی آج ملک بھر میں نہایت عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔
شاعر مشرق علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم سیالکوٹ میں حاصل کرنے کے بعد مشن ہائی اسکول سے میٹرک کیا اور مرے کالج سیالکوٹ سے ایف اے کا امتحان پاس کیا۔ علامہ اقبال نے گورنمنٹ کالج لاہور سے فلسفے میں ایم اے کیا، ایم اے کرنے کے بعد آپ اعلیٰ تعلیم کے لیے انگلستان گئے اور قانون کی ڈگری حاصل کی، بعد ازاں آپ جرمنی چلے گئے جہاں سے آپ نے فلسفہ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ میر حسن اور پروفیسر آرنلڈ جیسے اساتذہ نے آپ کی روحانی اور فلسفیانہ تربیت کی۔ علامہ ڈاکٹر محمد اقبال نے شاعری کے ساتھ وکالت کی اور ملک کی سیاسی تحریکوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ 1922ء میں حکومت برطانیہ نے آپ کو سر کا خطاب دیا۔
آپ آزادی وطن کے علمبردار تھے اور سیاسی تحریکوں میں حصہ لیتے تھے، انہوں نے اپنی شاعری سے برصغیر کی مسلم قوم میں بیداری کی نئی روح پھونک دی۔ 1930ء میں علیحدہ وطن کا خواب دیکھا۔ قیام پاکستان سے قبل علامہ محمد اقبال کا 21 اپریل 1938ء کو انتقال ہو گیا تھا۔ آپ کو لاہور میں سپرد خاک کیا گیا۔ علامہ اقبال نے بانگ درا، ضرب کلیم، ارمغان حجاز اور بال جبریل جیسی کتابیں لکھیں۔ اس کے علاوہ سات فارسی شاعری کے مجموعے اور انگریزی میں لکھی آپ کی کتب دنیا بھر میں علم کے پیاسوں کی تسکین کا باعث ہیں۔ ماہرین لسانیات کا کہنا ہے کہ علامہ اقبال کی شاعری اپنے پیغام اور اثرانگیزی کے حوالے سے لاجواب ہے۔