ملت جعفریہ اپنے سیاسی حقوق کے دفاع کی خاطر متحد اور یکجا ہےعلامہ امین شہیدی کا کانفرنس سے خطاب
ْمجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے زیر اہتمام حیدر آباد بائی پاس پرمنعقدہ قرآن و اہل بیت علیہم السلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی کاکہنا تھا کہ آج سر زمین سندھ پر موالیان اہل بیت علیہم السلام کا عظیم الشان اجتماع ملت جعفریہ کا نمائندہ اجتماع ہے اور جو قوم موت سے ٹکرانا سیکھ لیتی ہے اس قوم اور ملت کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی ہے۔علامہ امین شہیدی کاکہنا تھا کہ قرآن و اہل بیت کانفرنس میں لاکھوں محبان اہل بیت علیہم السلام کی شرکت امریکہ ،اسرائیل اور ان کے مقامی ایجنٹون کے منہ پر طمانچہ ہے اور اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ملت جعفریہ سر زمین پاکستان پر امریکی اور اسرائیلی ایجنڈے کو کامیاب نہیں ہو نے دے گی۔علامہ امین شہیدی نے کہا کہ ملت جعفریہ کا مقابلہ کسی سیاسی گروہ اور جماعت سے نہیں بلکہ ہمارا دشمن اسلام کا دشمن امریکہ اور اسرائیل ہیں اور ہمارا مقابلہ ملک دشمن اور اسلام دشمن قوتوں سے ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے دفاعی ادروں کی جانب سے ملک کے دفاع کے نام پر ملک دشمن گروہوں کو جمع کرنا ایک سنگین غلطی ہے جس کا فوری ازالہ کیا جائے وگرنہ مملکت خداد اد پاکستان کے استحکام کو شدید خطرات لاحق ہوں گے۔علامہ امین شہیدی نے کہا کہ پوری دنیا اور بالخصوص سیکورٹی ادارے اور ایجنسیاں جانتی ہیں کہ ملت جعفریہ پاکستان مملکت خداداد پاکستان کا فطری دفاع ہیں۔ان کاکہنا تھا کہ شیعیان حیدرکرار کراچی سے خیبر تک اور کوئٹہ سے گلگت بلتستان تک ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے حفاظت کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔علامہ امین شہیدی کاکہنا تھا کہ شہادت ہماری کمزوری نہیں بلکہ ہماری طاقت ہے ،دشمن نے ملت جعفریہ کو سیاسی و مذہبی جماعتوں کے نام پر تقسیم کرنے کی کوشش کی لیکن ملت نے اپنے اتحاد اور یکجہتی سے دشمن کی تمام سازشوں کو خاک میں ملا کر ناکام کر دیا۔انہوں نے واضح کیا کہ ملت جعفریہ پاکستان اپنے سیاسی حقوق اور اس کے دفاع کے لئے متحد اور یکجا ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی ہے۔