پاراچنارمیں قتل و غارت سنگین حالات کی نشاندہی کر رہے ہیں۔
شیعہ نیوز (پاکستانی خبر رساں ادار ہ )مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پارا چنار کے حالات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارا چنار میں مختلف قبائل کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ اور بڑھتی ہوئی قتل و غارت سنگین حالات کی نشاندہی کر رہے ہیں۔اگر انتظامیہ نے روایتی سردمہری ترک کر کے حالات پر قابو نہ پایا تو پھر دشمنوں کی سلگائی ہوئی آگ خانہ جنگی میں بدل سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک دشمن قوتوں کی پوری کوشش ہے کہ پارا چنار میں مختلف قبائل کے مابین زمینی تنازعوں کو فرقہ واریت میں بدل کرمذہبی منافرت پھیلائی جائے ۔ ایسی صورتحال میں ریاست کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہو گی تاکہ علاقائی امن و امان کو قائم رکھا جا سکے۔ بدقسمتی سے اس علاقے کی انتظامیہ اپنے پیشہ وارانہ فرائض سے دانستہ طور پر غفلت برت رہی ہے جس کا فائدہ وہ عناصر اٹھا رہے ہیں جن کا ایجنڈا ملک کو کمزور کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ پاراچنار کے مقامی عوام نے ہمیشہ سبز ہلالی پرچم کی عظمت کے گُن گائے ہیں۔ وہ وطن عزیز کا مضبوط جغرافیائی و نظریاتی دفاع ہیں۔ان کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک نہ کیا جائے۔ پارا چنار جیسے حساس علاقے میں دہشت گردی کے واقعات کا مسلسل رونما ہونا قومی سلامتی کے اداروں کے لیے بھی چیلنج ہے۔دشمن کی اس للکار کو ہمیشہ کے لیے خاموش کرا کر یہ ثابت کرنا ہو گا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارا چنار کے واقعات کو معمولی نہ سمجھا جائے ۔ان کی سنگینی کا ادارک نہ کرنا ایک بھیانک غلطی ہو گی۔