امریکی بچے کورونا کے خطرے سے روبرو
شیعہ نیوز (پاکستانی خبر رساں ادار ہ ) امریکہ میں کورونا کو کنٹرول کرنے والے مرکز کی حالیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مارچ کے مہینے سے جولائی کے مہینے تک امریکہ میں کورونا سے متاثر ہونے والے بچوں کی تعداد میں نمایاں طور پر اضافہ ہوا ہے۔
امریکی بچوں میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر امریکی اسکولوں کے ڈائریکٹر اسکولوں میں پڑھائی کی مخالفت کر رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ فی الحال بچوں کو ان کے گھروں میں آن لائن تعلیم دی جائے۔ تاہم امریکی حکام من جملہ صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کورونا کا اثر بچوں میں نہیں ہوتا اس لئے اسکول کھول دئے جائیں۔
قبل ازیں امریکی مرکز برائے متعدی امراض کے سربراہ انتھونی فاؤچی نے کورونا کی صورتحال کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں روزانہ چالیس ہزار سے زائد لوگ کورونا میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا تھا کہ اگر امریکہ میں کورونا کے مریضوں میں اضافے کی رفتار ایک لاکھ افراد یومیہ تک پہنچ جائے تو اس میں تعجب کی کوئی بات نہیں۔
سروے نتائج سے بھی پتہ چلتا ہے کہ امریکہ کے نصف سے زائد عوام کورونا وائرس کا مقابلہ کئے جانے میں امریکی صدر ٹرمپ کی کارکردگی سے بالکل مطمئن نہیں ہیں اور ان کے اقدامات کو ناقابل قبول قرار دیتے ہیں۔ اسی طرح ان سروے نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ امریکہ کے 70 فیصد عوام کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے سلسلے میں اپنی ریاستوں کے گورنروں پر ٹرمپ سے کہیں زیادہ اعتماد کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ دنیا میں کورونا وائرس میں مبتلا اور ہلاکتوں کے اعتبار سے اب بھی امریکہ پہلے نمبر پر ہے جس کے بعد برازیل اور ہندوستان کا شمار ہوتا ہے۔ امریکا میں ایک لاکھ 72 ہزار، برازیل میں ایک لاکھ 7 ہزار اور ہندوستان میں 51 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔